اسلام آباد:سینیٹ آف پاکستان نے سری لنکا کرکٹ ٹیم کی جانب سے پاکستان میں شیڈول میچز کھیلنے کا فیصلہ برقرار رکھنے پرسری لنکن حکومت، کرکٹ بورڈ اور ٹیم کے جذبہ یکجہتی پر شکریہ اور تحسین کی قرارداد متفقہ طور پر منظور کر لی۔
سینیٹ نے اسلام آباد میں دہشت گردحملے کے بعد بھی سری لنکن کرکٹ ٹیم کی جانب سے پاکستان کا دورہ جاری رکھنے پرخراج تحسین کی قرارداد متفقہ طور پر منظور کر لی۔ قرارداد وفاقی وزیرِ قانون اعظم نذیر تارڑ نے پیش کی۔
وزیر داخلہ محسن نقوی نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ اسلام آباد دھماکے کے مرکزی ملزمان تک رسائی حاصل کرلی گئی ہے۔ہم سری لنکن ٹیم کو فول پروف سیکورٹی فراہم کررہے ہیں۔
نائب وزیراعظم محمد اسحاق ڈار نے کہا کہ افغانستان میں طالبان حکومت آنے کے بعد پاکستان میں دہشت گردی کے واقعات میں اضافہ ہوا ہے۔ہمارا مطالبہ ہے کہ افغانستان اپنی سرزمین پاکستان کے خلاف استعمال نہ ہونے دے۔
سیاسی امور کے بارے میں وزیراعظم کے مشیر رانا ثناء اللہ نے کہا کہ آئین کے آرٹیکل 243 میں ترمیم کا تعلق معرکہ حق اور بنیان مرصوص کی وجہ سے ہے۔
ایوان نے سکیورٹی اداروں، قانون نافذ کرنے والے اہلکاروں اور متعلقہ اداروں کی ملک میں امن کے لئے انتھک کوششوں کو خراجِ تحسین پیش کیا۔