پشاور:خیبر پختونخوا حکومت کے مشیر اطلاعات بیرسٹر سیف نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کے احتجاج کے دوران 26 نومبرکو شہدا کے خون کے ایک ایک قطرے کا حساب لیا جائے گا، جعلی حکومت کو جواب دینا ہوگا کہ گولی کیوں چلائی؟
اپنے ایک بیان میں بیرسٹر ڈاکٹر سیف کا کہنا تھا کہ آج شہدائے ڈی چوک کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے دعائیہ تقریبات منعقد ہوں گی، مرکزی دعائیہ تقریب باغِ ناران، حیات آباد، پشاور میں منعقد کی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ آج شہداء کے خون کا حساب لینے کے عزم بھی کیا جائے گا، شہداء کے خون کے ایک ایک قطرے کا حساب لیا جائے گا، جعلی حکومت کو جواب دینا ہوگا کہ گولی کیوں چلائی؟
بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے کہا کہ نہتے کارکنوں کا خون رائیگاں نہیں جائے گا، معصوم کارکنوں کا خون بہانا شریف خاندان کا وطیرہ بن چکا ہے، ماڈل ٹاؤن میں حاملہ خواتین پر سیدھی گولیاں چلائی گئیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ہر دور میں اپنے اقتدار کو طول دینے کے لیے معصوم شہریوں کا خون بہایا گیا، نہتے کارکنوں کا خون ملک میں آئین و قانون کی بحالی کا پیش خیمہ ثابت ہوگا۔