پشاور: گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی کی جانب سے گورنر ہائوس پشاور معرکۂ حق کے حوالے سے خصوصی تقریب کاانعقاد کیاگیاتقریب میں تمام شہداء کو خراج تحسین پیش کیاگیا۔
گورنر ہاوس پشاور میں معرکہ حق، آپریشن بنیان المرصوص کی عظیم فتح کی مناسبت سے پروقار تقریب منعقد کی گئی گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی تقریب کے میزبان اور مہمان خصوصی تھے۔
تقریب میں سابق گورنر اقبال ظفر جھگڑا، انجینئر شوکت اللہ، اپوزیشن لیڈر ڈاکٹر عباداللہ، قومی وطن پارٹی کے صوبائی صدر سکندر حیات شیرپاؤ نے شرکت کی ۔ایرانی قونصل جنرل علی بنفشہ خواہ،اراکین صوبائی اسمبلی،ملک بھر سے سینئر ٹی وی اینکرز، سوشل میڈیا انفلونسرز، میڈیا پرسنز سمیت دیگر سیاسی و سماجی شخصیات بھی شریک تھے ۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ اعزاز کی بات ہے کہ آج اپنی اور خیبرپختونخوا کے عوام کی جانب سے اس پروقار تقریب کی میزبانی کی، آج کی تقریب اپنی مسلح افواج کو خراج تحسین پیش کرنے کیلئے منعقد کی گئی ہے، ملک بھر سے آنیوالے معزز مہمانوں کا گورنر ہاؤس تقریب میں شرکت پر مشکور ہوں۔
فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ بھارتی جارحیت ہمارے لئے ایک امتحان تھا، افواجِ پاکستان نے بھارتی جارحیت کا بھرپور اور منہ توڑ جواب دے کر ایک تاریخی مثال قائم کی، تمام پاکستانیوں اور امت مسلمہ کو پاک فوج پر فخر ہے۔
انہوں نے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری کی قیادت میں سفارتی وفد نے کامیابی سے اپنے ملک کا موقف پیش کیا، پہلی مرتبہ پاکستانی فیلڈ مارشل کو امریکی صدر نے مہمان نوازی کی جو ہماری سب سے بڑی سفارتی کامیابی ہے، یہ کامیابی نہ صرف عسکری بلکہ سفارتی میدان میں بھی پاکستان کی فتح ہے ہم کسی کو بھی سرزمینِ پاکستان کی طرف میلی آنکھ سے دیکھنے کی اجازت نہیں دیں گے۔
فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ معرکہ حق میں صوبہ کی سیاسی جماعتوں کے قائدین کے مثبت کردار کی مثال نہیں ملتی،ہمارے میڈیا نے ذمہ دارانہ کردار ادا کر کے عالمی دنیا کو بہترین پیغام دیا۔بھارتی جارحیت کیخلاف شاندار فتح پوری قوم کے اتحاد کی بدولت ممکن ہوئی۔خیبرپختونخوا کے عوام کا بھی مشکور ہوں جو بھارتی جارحیت کیخلاف پاک فوج کے شانہ بشانہ کھڑے رہے۔
انہوں نے کہا کہ ہمارے میڈیا نے ذمہ دارانہ صحافت سے عالمی دنیا کو بہترین پیغام دیاآج کی اس تقریب میں سینئر اینکرز اور میڈیا پرسنز کو خصوصی خراج تحسین پیش کرنے کیلئے مدعو کیا۔
فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ اسرائیلی حملہ کیخلاف ایرانی حکومت و ایرانی عوام کیساتھ کھڑے ہیں باطل کیخلاف فتح ہمیشہ حق کی ہوتی ہے اور ایران ضرور فتح سے ہمکنار ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ ایران کے کونسل جنرل کو اس پروگرام میں خوش آمدید کہتا ہوں پاکستان اپنے ایرانی بھائیوں کے ساتھ کھڑا ہے اور اسرائیل کو پہلے بھی شکست ہو ئی اور آئندہ بھی اسی طرح ہو گا ۔