اسلام آباد: الیکشن کمیشن آف پاکستان نے خیبرپختونخوا کے نگران صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ شاہد خٹک کے جلسے سے خطاب کرنے کا نوٹس لے لیا۔
صوبائی الیکشن کمشنر خیبرپختونخوا سے واقعے کی فوری رپورٹ طلب کر لی گئی، رپورٹ کی روشنی میں مزید قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
ترجمان الیکشن کمیشن نے کہا ہے کہ نگران حکومتیں قانون کے مطابق صاف، شفاف اور غیر جانبدارانہ انتخابات کرانے کیلئے الیکشن کمیشن کے ساتھ مکمل تعاون کرنے کی پابند ہیں۔
ترجمان نے مزید کہا کمیشن کسی بھی نگران حکومت یا نگران وزیر کو کسی قسم کی انتخابی مہم میں حصہ لینے کی اجازت نہیں دے سکتا، خلاف ورزی کی صورت میں قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔