نیویارک: اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی نے اسرائیلی بربریت کے شکار مظلوم فلسطینیوں کے حق میں 5 قراردادیں منظور کر لیں۔
جنرل اسمبلی میں پناہ گزینوں کی مدد، امدادی کاموں اور اثاثوں کے تحفظ سمیت یہودی آبادکار بستیوں کیخلاف 5 قراردادیں منظور کی گئیں، پناہ گزینوں کی مدد کے حق میں منظور ہونے والی قرارداد کے حق میں 168 ممالک نے ووٹ دیا، امریکا سمیت 10 ممالک ووٹنگ کے عمل سے غیر حاضر رہے۔
اقوام متحدہ کی ریلیف ایجنسی کے فلسطین میں امدادی کاموں سے متعلق قرارداد کو 165 ووٹوں سے منظور کیا گیا، اس کے علاوہ فلسطینی پناہ گزینوں کے اثاثوں کے تحفظ سے متعلق قرارداد کو 163 ممالک کی حمایت حاصل ہوئی ہے۔
فلسطینی علاقوں میں یہودی آباد کار بستیوں کیخلاف قرارداد 149 ووٹوں سے منظور ہوئی جبکہ فلسطینیوں کے حقوق کیخلاف اسرائیلی کارروائیوں کی تحقیقات سے متعلق قرارداد کو 86 ووٹ ملے، اس قرارداد کیلئے ووٹنگ کے عمل سے 75 ممالک غیر حاضر رہے، 12 ممالک نے مخالفت میں ووٹ دیا۔