اسلام آباد: وزارت خزانہ نے بین الاقوامی مالیاتی فنڈ(آئی ایم ایف)کی جانب سے حکومت سے فنڈز کے سیاسی مقاصد کیلئے استعمال نہ ہونے کی یقین دہانی مانگنے کے باعث اسٹاف سطع کے معاہدے کی تاخیر کی خبروں کو بے بنیاد اور غلط قرار دے دیا۔
وضاحتی بیان میں وزارت خزانہ نے کہا ہے کہ بعض قومی اخبارات میں رپورٹ کیا گیا ہے کہ آئی ایم ایف کے معاہدے پر دستخط میں تاخیر کی وجہ یہ ہے کہ آئی ایم ایف وزارت خزانہ سے یہ یقین دہانی چاہتا ہے کہ فنڈز سیاسی مقاصد کے لیے استعمال نہیں کیے جائیں گے۔
اس ضمن میں وزارت خزانہ نے وضا حت کی ہے کہ یہ خبر جھوٹی اور بے بنیاد ہے کیونکہ آئی ایم ایف نے کبھی بھی حکومت کے ساتھ ایسے کسی خدشے کا کا اظہار نہیں کیا اور نہ ہی بجٹ کے ذریعے پارلیمنٹ کی منظوری کے بغیر کوئی فنڈز کسی مقصد کے لیے استعمال کیے جا سکتے ہیں۔