تہران: ایران کے سپریم لیڈر نے آج پانچ سال بعد تہران کی مرکزی امام خمینی مسجد میں نمازِ جمعہ کا خطبہ دیا ہے اور نماز کی امامت کرائی ہے۔ آیت اللہ علی خامنہ ای نے کہاکہ اسرائیل مسلمانوں کا مشترکہ دشمن ہے، امت مسلمہ کو اسرائیل کیخلاف متحد ہونا ہوگا۔
امام خمینی مسجد میں نماز ِجمعہ سے کئی گھنٹے پہلے ہی عوام کا رش لگ گیا، ایرانی عوام اپنے سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ کا خطبہ سننے اور ان کی اقتداء میں نمازِ جمعہ ادا کرنے بڑی تعداد میں پہنچ گئے۔
ایرانی سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای نے کہا ہے کہ اسرائیل مسلمانوں کا مشترکہ دشمن ہے، امت مسلمہ کو اسرائیل کیخلاف متحد ہونا ہوگا۔
تہران میں پانچ سال بعد نماز جمعہ کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے ایرانی سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای کا کہنا تھا کہ مسلمان مظلوم لوگوں کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کریں، اسرائیل غزہ میں خون کی ہولی کھیل رہا ہے،فلسطین پر ہونے والے اسرائیلی مظالم کی مذمت کرتیہیں۔
انہوں نے کہا کہ ملت اسلامیہ کے دشمنوں کے آپریشن روم ایک جگہ پر ہیں اور وہ ایک ہی ذریعے سے معلومات حاصل کرتے ہیں، مسلمان قوموں کو افغانستان سے یمن، ایران سے غزہ اور لبنان تک دفاعی لائن بنانا ہوگی، تمام لوگوں کو قابض کیخلاف اپنی خودمختاری کا دفاع کرنے کا حق ہے۔
ایرانی سپریم لیڈر کا کہنا تھا کہ اس خطبے کی مخاطب پوری دنیائے اسلام ہے، ملت عزیز لبنان اور فلسطین سے خاص خطاب ہے، سید حسن نصر اللہ کی شہادت عظیم فقدان ہے، سید حسن نصر اللہ کا جسم ہمارے درمیان سے جاچکا، ان کی روح اور انکا نظریہ آج بھی ہمارے درمیان موجود ہے۔
آیت اللہ خامنہ ای نے کہا کہ جس طرح 7 اکتوبر کا حملہ جائز تھا اسی طرح ایران کا اسرائیل پر حملہ جائز ہے، ہم اسرائیل کو جواب دینے میں تاخیر نہیں کریں گے اور نہ ہی جلدی کریں گے۔