Home نیوز پاکستان ملک بھر میں مون سون کے حالیہ سپیل نے تباہی مچا دی، سیلاب سے سینکڑوں مکانات تباہ

ملک بھر میں مون سون کے حالیہ سپیل نے تباہی مچا دی، سیلاب سے سینکڑوں مکانات تباہ

Share
Share

کراچی/حیدرآباد/ لاہور/کوئٹہ: ملک بھر میں مون سون کے حالیہ سپیل نے تباہی مچا دی، ہر طرف پانی ہی پانی ہو گیا، سیلاب سے سینکڑوں مکانات اور ہسپتال تباہ ہو گئے۔سیلاب کے باعث متعدد دیہات کا شہر سے زمینی رابطہ منقطع ہو گیا۔

صوبہ سندھ کے شہرسکھر میں بارشوں کا77 سالہ ریکارڈ ٹوٹ گیا، 290 ملی میٹر بارش نے سکھر کو ڈبو دیا، نشیبی علاقوں میں کئی کئی فٹ پانی جمع ہو گیا، لاڑکانہ، قاضی احمد، نوشہرو فیروز اور کنڈیارو میں بھی طوفانی بارش ہوئی جبکہ جیکب آباد میں تیز بارش نے جل تھل ایک کردیا جس سے نشیبی علاقے زیر آب آ گئے۔

کراچی کے مختلف علاقوں میں بھی بادل برس پڑے، سڑکوں پر پانی جمع ہو گیا، قمبر شہداد کوٹ میں بھی برسات نے رنگ جما دیا جبکہ گھوٹکی کی تحصیل اوباڑو اور گردونواح میں بارش سے کچے مکانات زمین بوس ہو گئے اور کوٹ ڈیجی میں بارش کے بعد ڈیم کا بند ٹوٹ گیا۔

کوٹ بنگلو کے کئی علاقے پانی میں ڈوب گئے، پانی کا بہاوٴ تیز ہونے کی وجہ سے رابطہ سڑک بھی بہہ گئی، سانگھڑ میں بارشوں کے بعد سیلابی صورتحال پیدا ہو گئی ہے جس سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے، دریائے سندھ میں دادو کے مقام پر درمیانے درجے کا سیلاب ہے جس کے باعث متعدد دیہات کا شہر سے زمینی رابطہ منقطع ہو گیا۔

دوسری جانب گلگت بلتستان میں سیلاب نے تباہی مچا دی، ہنزہ، گو جال، استور، غذر شدید متاثر ہوئے ہیں، گاوٴں پکورہ کشنوٹ میں بینک سمیت20 سے زائد گھر تباہ ہو گئے، ہنزہ میں ندی نالوں میں طغیانی اور سیلابی صورتحال پیدا ہو گئی ہے، ہنزہ اور نگر کے درمیان مختلف مقامات پر سڑکیں لینڈ سلائیڈنگ کے باعث بند ہونے سے سینکڑوں سیاح پھنس گئے۔

ادھر بلوچستان میں بارشوں سے ندی نالوں میں طغیانی آ گئی، قلعہ عبداللہ، پشین اور زیارت میں سیلابی ریلوں سے فصلوں کو شدید نقصان پہنچا ہے، چمن میں تیز ہواوٴں کے ساتھ موسلا دھار بارش سے کچے مکانات کو نقصان پہنچا ہے جبکہ سولر پینل اڑ گئے۔

کوہلو میں2 روز سے جاری بارش سے نشیبی علاقے زیر آب آ گئے ہیں، بارش کے پانی سے کچے مکانات گر گئے، کوہلو سبی شاہراہ سیلابی ریلے میں بہہ جانے اور لینڈ سلائیڈنگ سے تیسرے روز بھی ٹریفک کی آمدورفت معطل ہے۔

نو شکی میں گزشتہ روز بارش سے بند ہونے والی قومی شاہراہ این40 تاحال بحال نہ ہو سکی، بولان قومی شاہراہ زیر آب آنے سے متعدد گاڑیاں پھنس گئیں، آواران تا جاؤ شاہراہ بھی سیلابی پانی کی وجہ سے بند ہے جبکہ کشینگی میں ریلوے ٹریک سیلابی ریلے میں بہہ گیا۔

ادھر پنجاب میں بھی مون سون بارشوں کا طاقتور سپیل جاری ہے، کوہ سلیمان کے پہاڑی علاقوں میں شدید بارشوں سے نالوں میں طغیانی آ گئی، کوٹ مٹھی کے مقام پر نچلے درجے کا سیلاب ہے جبکہ دریائے چناب میں جھنگ کے مقام پر پانی کی سطح بلند ہونے لگی ہے۔

ڈیرھ لاکھ کیوسک کا ریلا تریموں کی طرف بڑھنے لگا، پانی کی سطح میں اضافے سے دریائے چناب کے کنارے آباد متعدد دیہات متاثر ہوئے ہیں جبکہ مظفر گڑھ کی تحصیل رنگپور کی نہر میں30 فٹ چوڑا شگاف پڑنے سے متعدد گھروں کو نقصان پہنچا ہے۔

احمد پور شرقیہ میں اوچ کینال میں20 فٹ چوڑا شگاف پڑ گیا، فصلیں زیر آب آ گئیں جبکہ پانی قریبی رہائشی بستیوں میں داخل ہونے سے متعدد گھروں کی دیواریں گر گئیں۔

دریا ئے سندھ میں ڈی آئی خان کے مقام پر پانی کی سطح مسلسل بلند ہو رہی ہے، کچے کے علاقے میں ہسپتال اور ہسکول دریا برد ہو گئے، خیبرپختونخوا میں بھی بارشوں سے ندی نالے بپھر گئے، جنوبی وزیرستان میں شدید بارش کے بعد ریلوں نے تباہی مچا دی۔

Share
Related Articles

پٹرول 80 روپے سستا، شہباز شریف کا بڑا اعلان، عوام کیلئے بڑا ریلیف

پاکستان میں پٹرول کی قیمت میں 80 روپے فی لیٹر کمی، وزیراعظم...

مشرقِ وسطیٰ کشیدگی: وزیراعظم شہباز شریف کی ہدایت، قابلِ التوا ترقیاتی منصوبے فوری روکنے کا فیصلہ

اسلام آباد: مشرقِ وسطیٰ میں جاری کشیدگی کے پیش نظر وزیراعظم Shehbaz...

پاکستان کے آٹو سیکٹر میں تاریخی پیش رفت، صنعتی ترقی کی مضبوط بنیاد رکھ دی گئی

اسلام آباد: پاکستان کے آٹو سیکٹر میں نمایاں پیش رفت سامنے آئی...

شمالی وزیرستان کے سرحدی علاقے میں فتنہ الخوارج کی دراندازی ناکام، 8 دہشتگرد ہلاک

راولپنڈی: سکیورٹی فورسز نے شمالی وزیرستان کے سرحدی علاقے میں بروقت کارروائی...