ملک کا نظام آئین کےبغیرنہیں چل سکتا،جن ممالک میں الیکشن چوری ہو وہ ترقی نہیں کرسکتے، شاہد خاقان عباسی
Share your love
پشاور: سربراہ عوام پاکستان پارٹی و سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ جن ممالک میں الیکشن چوری ہو وہ کبھی ترقی نہیں کرسکتے۔
پشاور میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سربراہ عوام پاکستان پارٹی شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا کہ ہر الیکشن میں نئے طریقے سے دھاندلی کر کے لوگوں کو آگے لایا جاتا ہے، جس ملک میں عوام کی رائےکا احترام نہیں اور الیکشن چوری ہو وہ ترقی نہیں کرسکتا، پاکستان کا بچہ بچہ جانتا ہےسینیٹ میں آدھے لوگ پیسے دے کر آئے، ملک میں نااہل،کرپٹ آدمی کو تحفظ دیا جاتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کا بڑا مسئلہ 2 کروڑ 60 لاکھ بچے سکولوں سے باہر ہیں، کوئی ایک صوبہ بھی سکولوں سے باہر رہنے والے بچوں کی بات نہیں کررہا، کسی کو سکولوں میں نہ جانےوالےبچوں کی پرواہ نہیں۔
سابق وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ملک میں تین بڑی جماعتیں ہیں اور وہ اب بھی اقتدار میں ہیں، کسی جماعت کے پاس وفاقی اور کسی کے پاس صوبائی حکومت ہے، کیا یہ جماعتیں ملک کو ترقی دے سکیں؟ کیا یہ عوام کی فلاح کر سکیں؟ ان کے پاس کوئی سوچ اور اصول نہیں ہے ، ان کا مقصد ہر قیمت پر کرسی حاصل کرنا ہے، آگے کیا کرنا ہے کسی کی کوئی سوچ نہیں۔
سربراہ عوام پاکستان پارٹی نے کہا کہ ماضی کی خرابیاں آج بھی دہرائی جارہی ہیں، ایک جماعت اگر جلسہ کرنا چاہتی ہےتو آپ رابطہ سٹرکیں کاٹ دیں، موبائل فون بند کر دیں یہ سیاست نہیں ہے،صوبے سے وفاق پر حملہ کرنا بھی سیاست نہیں، سیاست کا مقصد عوام کی فلاح اور ملک کی ترقی ہے، ہمارا ملک ناکامی کی ایک داستان ہے۔
شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا کہ حکمرانوں اورعوام میں خلیج بڑھتی جارہی ہے، حکمران عوام کی بات سننے کوتیارنہیں، حکمرانوں میں عوامی مسائل حل کرنے کی صلاحیت نظرنہیں آتی، جن کرسیوں پرآپ بیٹھے ہیں یہ آپ کی نہیں ہیں، آج 12 اکتوبر ہے پچیس سال پہلے آج کے دن ایک حکومت کوہٹایا گیا تھا، 12 اکتوبر کو جو کچھ بویا وہ آج تک کاٹ رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ملک کا نظام آئین کےبغیرنہیں چل سکتا، ملک کو آگے بڑھانے کا ایک ہی راستہ ہے کہ ملک کوآئین کےمطابق چلایا جائے، یہ 70 سال کی تاریخ کا سبق ہے کہ آئین سےہٹیں گے تو نقصان ہو گا۔