واشنگٹن : امریکی صدر جو بائیڈن نے کہا ہے کہ ریاست فلوریڈا میں صدی کے سب سے بدترین طوفان ملٹن سے 50 ارب ڈالر تک نقصان کا خدشہ ہے۔
امریکی صدر جو بائیڈن نے وائٹ ہاؤس میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وہ اتوار کو فلوریڈا کا دورہ کریں گے کیونکہ صدی کے سب سے خطرناک طوفان کے امریکی صدارتی انتخابات پر بھی گہرے اثرات مرتب ہوتے ہوئے نظر آتے ہیں۔
قبل ازیں امریکی صدر صورتحال کے پیش نظر اپنا جرمنی کے دورہ منسوخ کرچکے ہیں جہاں وہ یوکرین کے حامیوں اور صدر زیلینسکی سے ملاقات کرنے والے تھے تاہم اب وہ سیلاب متاثرین کی بحالی کے اقدامات کی نگرانی کریں گے۔
خیال رہے کہ فلوریڈا میں طوفان ملٹن نے تباہی مچادی ہے ، طوفان کی وجہ سے بڑی تعداد میں گھروں، عمارتوں اور تفریح گاہوں کو بڑے پیمانے پر نقصان پہنچا ہے جبکہ 22 لاکھ صارفین تاحال بجلی سے محروم ہیں۔
طوفان ملٹن سے فلوریڈا میں اموات کی تعداد 16 تک پہنچ گئی ہے اور سینکڑوں افراد زخمی بھی ہوئے ہیں۔