واشنگٹن: امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان میتھیو ملر نے کہا کہ ڈونلڈ ٹرمپ کے انتخابات جیتنے پر بانی پی ٹی آئی عمران خان کی رہائی کی بات میں کوئی صداقت نہیں۔
امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان میتھیوملر کی پریس بریفنگ میں صحافی نے سوال کیا کہ پی ٹی آئی رہنما لطیف کھوسہ نے کہا ہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ انتخابات جیتے تو بانی پی ٹی آئی رہا ہو جائیں گے، میتھیو ملر نے جواب میں کہا کہ میں کتنی بار کہوں کہ یہ سچ نہیں ہے۔
ترجمان امریکی محکمہ خارجہ نے مزید کہا کہ کئی بار کہا سابق وزیراعظم کیخلاف قانونی کارروائیاں پاکستانی عدالتوں کا معاملہ ہے، سابق وزیراعظم کے الزامات سے متعلق فیصلہ پاکستانی عدالتوں نے کرنا ہے۔
میتھیو ملر نے کہا کہ یہ بات ہم کئی بار کہہ چکے ہیں بانی پی ٹی آئی کو ہٹانے میں امریکا کا کردار نہیں، پاکستان کی سیاست پاکستانی عوام کیلئے ہے۔