میزوری:امریکی ریاست میزوری میں طوفانی بگولوں (ٹورنیڈوز) کی تباہ کاریوں کے نتیجے میں کم از کم 10 افراد ہلاک ہوگئے، جبکہ کئی مکانات اور عمارتیں ملبے کا ڈھیر بن گئیں۔
پولیس اور موسمیاتی ماہرین کے مطابق یہ طوفان امریکی وسط مغرب اور جنوب مشرقی علاقوں میں رات بھر شدید تباہی مچاتا رہا۔
امریکی محکمہ موسمیات کے ماہر ڈیوڈ روتھ کے مطابق آرکنساس، الینوائے، مسیسیپی اور میزوری میں 26 طوفانوں کی اطلاعات موصول ہوئیں، تاہم ان کی تصدیق ہونا باقی ہے۔
محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ الاباما اور مسیسیپی میں مزید شدید طوفانوں کا امکان ہے، جس میں 30 فیصد تک طوفانی بگولے بننے کی پیشگوئی کی گئی ہے، جو انتہائی خطرناک ہوسکتے ہیں۔
حکام کے مطابق میزوری کے اوزارک کاؤنٹی میں بیکرزفیلڈ کے قریب 2 افراد اور بٹلر کاؤنٹی میں ایک شخص ہلاک ہوا، جبکہ دیگر 7 افراد مختلف علاقوں میں جاں بحق ہوئے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ طوفان مزید شدت اختیار کر سکتا ہے اور فلوریڈا پین ہینڈل اور اٹلانٹا سمیت مزید مشرقی علاقوں کو آدھی رات تک متاثر کر سکتا ہے۔