اسلام آباد: وزیراعظم محمد شہباز شریف کی دعوت پر متحدہ عرب امارات کے صدر اور ابوظہبی کے حکمران شیخ محمد بن زاید النہیان 26 دسمبر 2025 کو اسلامی جمہوریہ پاکستان کا سرکاری دورہ کریں گے۔
ترجمان دفترخارجہ کے مطابق یہ ان کا متحدہ عرب امارات کے صدر کی حیثیت سے پاکستان کا پہلا دورہ ہوگا۔ دورے کے موقع پر وہ وزرا اور اعلیٰ حکام پر مشتمل اعلیٰ سطحی وفد کے ہمراہ ہوں گے۔
دورے کے دوران صدرِ متحدہ عرب امارات وزیراعظم پاکستان سے ملاقات کریں گے، جس میں دونوں رہنما پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان دوطرفہ تعلقات کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لیں گے اور باہمی دلچسپی کے علاقائی و عالمی امور پر تبادلۂ خیال کریں گے۔ یہ دورہ دونوں برادر ممالک کے درمیان دیرینہ، برادرانہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے لیے ایک اہم موقع فراہم کرے گا۔
ترجمان دفترخارجہ کے مطابق یہ دورہ پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان مضبوط دوطرفہ تعلقات کی گہرائی کا مظہر ہے اور اس سے تجارت، سرمایہ کاری، توانائی، ترقیاتی منصوبوں اور علاقائی استحکام سمیت اہم شعبوں میں تعاون کو مزید فروغ دینے کے مشترکہ عزم کی عکاسی ہوتی ہے۔