اسلام آباد:وزیر اعظم محمد شہباز شریف نےاقوام متحدہ کے چارٹر کے مطابق مذاکراتی اور سفارتی تصفیے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ یوکرین تنازعہ سے کئی ممالک کی معیشتوں کو نقصان پہنچا ہے، وزیراعظم نے پاکستان اور یوکرین کے درمیان دوطرفہ تعلقات کو مزید فروغ دینے کا عزم بھی ظاہر کیا۔
وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیر اعظم محمد شہباز شریف سے یوکرین کے وزیر برائے خارجہ امور دیمیٹرو کولیبا نے ملاقات کی۔
وزیراعظم نے یوکرین کی آزادی کے بعد سے دونوں ممالک کے درمیان گرمجوش اور دوستانہ تعلقات کو یاد کیا۔انہوں نے دوطرفہ تعلقات کو مزید فروغ دینے کا عزم کیا۔اس موقع پر دونوں ممالک کے درمیان تجارت، سرمایہ کاری، دفاع، تعلیم اور ثقافت کے ساتھ ساتھ جنوبی ایشیا اور یوریشیا کے خطوں میں سلامتی کی صورتحال سمیت باہمی دلچسپی کے علاقائی اور عالمی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزیر اعظم نے اس بات پر روشنی ڈالی کہ یوکرین کے تنازعہ کا عالمی سطح پر بڑا اثر پڑا ہے جس سے کئی ممالک کی معیشتوں کو نقصان پہنچا ہےانہوں نے اقوام متحدہ کے چارٹر کے مطابق مذاکراتی اور سفارتی تصفیے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔
یوکرین کے وزیر خارجہ نے وزیراعظم کو یوکرین کی موجودہ صورتحال پر بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ ان کے ملک نے ہمیشہ تعاون اور دوستی پر مبنی دیرینہ اور خوشگوار تعلقات کا فائدہ اٹھایا ہے جس کا مشترکہ مقصد عالمی امن اور علاقائی استحکام میں کردار ادا کرنا ہے۔