گوادر: پسنی اورماڑہ کے درمیان کلمت کے علاقے میں نامعلوم حملہ آوروں نے فائرنگ کر کے 6 افراد کو قتل کر دیا۔
پولیس کے مطابق نامعلوم حملہ آوروں نے 6 افراد کو اندھا دھند فائرنگ کرکے موت کے گھاٹ اتارا، 5 افراد موقع پر دم توڑ گئے جبکہ ایک زخمی نے ہسپتال میں دوران علاج دم توڑا، امن دشمنوں کے خلاف علاقے میں آپریشن شروع کر دیا گیا۔
پولیس حکام کے مطابق بحق افراد گوادر سے کراچی جا رہے تھے، جاں بحق ایک شخص کا تعلق ملتان سے ہے، دیگر مارے جانے والے افراد کی شناخت کا عمل جاری ہے۔
ادھر جانب وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے افسوسناک واقعہ کی مذمت کرتے ہوئے جاں بحق افراد کے لواحقین سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا ہے۔
محسن نقوی نے کہا ہے کہ دہشتگردوں نے بزدلانہ کارروائی کر کے معصوم لوگوں کو نشانہ بنایا، بے گناہ افراد کو ناحق قتل کرنا انسانیت سوز جرم ہے، ایسی بزدلانہ کارروائیاں قوم کے دہشتگردی کے خلاف پختہ عزم کو کمزور نہیں کر سکتیں۔