کراچی:چیمپئنز ٹرافی 2025 کی اختتامی تقریب میں پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کو مکمل طور پر نظرانداز کرنے پر وسیم اکرم بھی حیران رہ گئے۔
پاکستان چیمپئنز ٹرافی 2025 کا باضابطہ میزبان تھا لیکن حیران کن طور پر اختتامی تقریب کے دوران پی سی بی کا کوئی بھی نمائندہ اسٹیج پر موجود نہیں تھا۔
رپورٹس کے مطابق پی سی بی کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر سمیع احمد تقریب میں شریک تھے لیکن انہیں اسٹیج پر مدعو نہیں کیا گیا۔
وسیم اکرم نے مشہور کرکٹ شو “ڈریسنگ روم” میں اظہارِ خیال کرتے ہوئے کہا کہ “ہم میزبان تھے پھر پی سی بی کے نمائندے کو اسٹیج پر کیوں نہیں بلایا گیا؟ کیا انہیں دعوت نہیں دی گئی؟ میں نہیں جانتا کہ اصل کہانی کیا ہے!۔
ذرائع کے مطابق پی سی بی چیئرمین محسن نقوی دیگر حکومتی مصروفیات کی وجہ سے دبئی نہیں جا سکے تھے، لہٰذا سمیع احمد کو پاکستان کی نمائندگی کے لیے بھیجا گیا تھا لیکن آئی سی سی نے انہیں مکمل طور پر نظرانداز کر دیا۔
یہ واقعہ پاکستان کرکٹ بورڈ اور انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کے درمیان تعلقات پر کئی سوالات اٹھا رہا ہے۔ اس سے قبل سابق فاسٹ بولر شعیب اختر نے بھی اختتامی تقریب میں پاکستان کو نظر انداز کرنے پر سوال اٹھایا تھا۔