گلگت:صدر مملکت آصف علی زرداری نے گلگت بلتستان کے 78ویں یومِ آزادی کی مرکزی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ گلگت بلتستان کے عوام کی جدوجہد آزادی تاریخ کا سنہرا باب ہے جسے کبھی فراموش نہیں کیا جا سکتا۔ انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان کی تاریخ قربانیوں سے بھری ہوئی ہے اور غیور عوام نے 17 ہزار جانوں کا نذرانہ پیش کر کے آزادی حاصل کی اور پاکستان کے ساتھ الحاق کیا۔
صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ گلگت بلتستان کے عوام ملکی ترقی میں کندھے سے کندھا ملا کر کام کر رہے ہیں۔صدر مملکت نے بھارت میں مسلمانوں کے خلاف مظالم کی نشاندہی کرتے ہوئے کہا کہ مقبوضہ وادی میں کشمیریوں کی نسل کشی انتہا کو پہنچ چکی ہے اور بھارت اکثریت کو اقلیت میں بدلنے جیسے گھناؤنے اقدامات کر رہا ہے۔
وزیراعلیٰ گلگت بلتستان حاجی گلبر خان نے کہا کہ ہمارے آباؤ اجداد نے ڈوگرہ راج سے آزادی حاصل کر کے کلمے کی بنیاد پر پاکستان کے ساتھ الحاق کیا اور ہم ان غازیوں اور شہیدوں کو سلام پیش کرتے ہیں۔
تقریب سے پہلے ہونے والی پریڈ میں صدر مملکت بطور مہمان خصوصی شریک تھے۔ پریڈ وینیو پر پہنچنے پر بگل بجا کر صدر کی آمد کا اعلان کیا گیا اور صدر آصف علی زرداری نے پریڈ کا معائنہ کیا۔ اس موقع پر انہیں سلامی بھی دی گئی۔
پریڈ میں گلگت بلتستان کی ثقافت کے رنگ نمایاں تھے اور مختلف سکولوں کے بچوں نے علاقے کی تاریخ اور ثقافت پر مبنی پیٹیبلوز پیش کیے۔ اس کے علاوہ ایس ایس جی کمانڈوز نے فری فال جمپنگ کا شاندار مظاہرہ بھی پیش کیا، جس نے حاضرین کی توجہ حاصل کی۔
اس سے قبل گلگت بلتستان آمد پر گورنر سید مہدی شاہ، وزیرِ اعلیٰ حاجی گلبر خان اور کمانڈر ٹین کور نے صدرِ مملکت کا استقبال کیا۔ننھے بچوں نے صدرِ مملکت کو پھول پیش کئے۔