دہلی: بھارت میں انڈین پریمئیر لیگ پلیئرز کی بیگمات بھی ہراسگی سے محفوظ نہیں رہیں۔تاہم پولیس کوواقعہ سے آگاہ کرنے کے باوجود ان کی کوئی شنوائی نہ ہوسکی۔
بھارتی اداکار شاہ رخ خان کی فرنچائز کولکتہ نائٹ رائیڈرز کے کپتان نتیش رانا کی اہلیہ ساشی ماروا کو نامعلوم نوجوانوں نے پیچھا کرکے ڈرا دیا، جس کی ویڈیو انہوں نے سوشل میڈیا پر اَپ لوڈ بھی کی جبکہ پولیس نے واقعہ کی رپورٹ بھی درج کرنے سے انکار کردیا۔
ساشی مارونے بتایا کہ آفس سے گھر جاتے ہوئے بائیک پر سوار 2 لڑکوں نے میرا پیچھا کیا اور بغیر کسی وجہ کے میری گاڑی کو ہٹ بھی کیا، جس سے میں بہت زیادہ ڈر گئی ۔
انہوں نے مزید بتایاکہ گھر جاتے ہی دہلی پولیس کو فون کرکے واقعہ سے آگاہ کرتے ہوئے رپورٹ درج کرنے کو کہا مگر وہاں سے جواب ملا کہ چونکہ آپ خیریت سے گھر پہنچ گئی ہیں اس لیے اس معاملے کو بھول جائیں، اگر دوبارہ وہ لڑکے پیچھا کریں تو بائیک کا نمبر نوٹ کرنے کی کوشش کریں۔تاہم ساشی نے پولیس کے اس جواب پر شدید فرسٹریشن اور برہمی کا اظہار کیا۔