راولپنڈی :بانی پی ٹی آئی کی مشکلات میں مزید اضافہ تھانہ نیوٹاؤن راولپنڈی میں درج دہشت گردی ایکٹ و پولیس مزاحمت و جلاوٴ گھیراوٴ کے مقدمے میں باقاعدہ گرفتاری ڈال کر شامل تفتیش کرلیاگیا ۔راولپنڈی پولیس آج ریمانڈ کے لیے عدالت پیش کرے گی ۔
توشہ خانہ ٹو کیس میں ضمانت کے باوجود بانی پی ٹی آئی کی اڈیالہ جیل سے رہائی تو ممکن نہ ہوسکی راولپنڈی پولیس نے 27 /28 ستمبر کے احتجاج پر تھانہ نیوٹاؤن میں درج مقدمہ میں باقائدہ گرفتاری ڈال کر بانی پی ٹی آئی کو شامل تفتیش کرلیا ۔
تھانہ نیوٹاؤن میں 28 ستمبر کو مقدمہ جلاوٴ گھیراوٴ،پتھراؤ، پولیس مزاحمت، سرکاری املاک کو نقصان پہنچانے سمیت انسداد دہشت گردی ایکٹ کی دفعات 7ATA, 21-I ATA اور 353, 186, 285,286,148, 149, 427, 109, 188 تعزیرات پاکستان کے تحت سب انسپکٹر عمر صدیق کی مدعیت میں درج ہے جس میں باقاعدہ طور پر تحریر ہے کہ بانی پی ٹی آئی نے سینٹرل جیل اڈیالہ سے اپنے پارٹی رہنماوٴں و کارکنوں کو احتجاج کی کال دے رکھی تھی۔
جس میں وزیر اعلی خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے ساتھیوں سمیت بھرپور شرکت کا اعلان کررکھا تھا جبکہ حکومت کی جانب سے 27 اور 28 ستمبر کے لیے ڈفعہ 144 نافذ تھی اسی احتجاج کی کال پر فورس ہے ہمراہ کٹاریاں پکٹ پر ڈیوٹی پر موجود تھے کہ پی ٹی آئی کے اجمل صابر وغیرہ کی قیادت مین پنتالیس کارکن وہاں آگئے اور حکومت اور ریاستی اداروں کے خلاف نعرہ بازی کرنے لگے۔
جنہیں بتایا کہ جلسہ جلوس و اجتماع پر پابندی عائد ہے لیکن انھوں نے مزاحمت کی اور شاہراہ پر کپڑے وغیرہ جلا کر آگ لگا دی اور لکڑی پر کپڑا باندھ کر آگ لگا کر اسکو پولیس موبائل پر بھی پھینکا جلاوٴ گھیراوٴ کے دوران خلیل وغیرہ پانچ مظاہرین کو گرفتار کرلیا جں کہ سمبابیہ طاہر ،راشد حفیظ وغیرہ 12 نامزد اور پچیس سے تیس مظاہریں فرار ہوگئے۔
مظاہرین نے بانی پی ٹی آئی کی ایما پر پرتشدد اجتماع کرکے شاہراہ عام کو بلاک کیا پابندی کہ خلاف ورزی کرکے حکومت وریاستی اداروں کے خلاف نعرہ بازی کرکے جرائم کا ارتکاب کیاجس ہر مقدمہ درج کر لیاگیا۔
راولپنڈی پولیس کے ترجمان کا کہناتھاکہ بانی پی ٹی آئی کو تھانہ نیوٹاوٴن کے مزکورہ مقدمہ میں گرفتار کر لیاگیا ہے ایس ایس پی انویسٹیگیشن صبا ستار کی سربراہی میں تفتیشی ٹیم تفتیش میں مصروف ہے بانی پی ٹی آئی کو آج جسمانی ریمانڈ کے حصول کے لئے عدالت میں پیش کرکے ریمانڈ حاصل کرکے تفتیش کو آگے بڑھایا جائے گا۔