اسلام آباد:سعودی عرب اور پاکستان کے درمیان 2 ارب ڈالر سرمایہ کاری کے معاہدے متوقع ہیں، اس سلسلے میں سعودی عرب کے ساتھ سرمایہ کاری معاہدوں کے لیے فریم ورک بھی تیار کر لیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق سعودی عرب کی جانب سے 2027ء تک 5 ارب ڈالر سے زائد کی مجموعی سرمایہ کاری ہوگی اور اس سلسلے میں سعودی عرب کے ساتھ مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کے لیے تقریباً 30 معاہدوں پر دستخط کیے جائیں گے۔
مجموعی طور پر حکومتی اور نجی شعبے سے تقریباً 40 کمپنیوں کا وفد سرمایہ کاری کے لیے پاکستان پہنچے گا۔ سعودی عرب کے ساتھ زراعت، انفارمیشن ٹیکنالوجی، کنسٹرکشن میٹریل کے معاہدے پر دستخط ہوں گے۔ سعودی وفد پٹرولیم کے شعبے اور پاور سیکٹر کے معاہدوں پر بھی دستخط کرے گا۔
علاوہ ازیں فوڈ سکیورٹی، میٹ ایکسپورٹ، پاکستانی رائس ایکسپورٹ کے لیے بھی معاہدوں پر دستخط کیے جائیں گے۔ مائننگ، آئل ریفائنری، ریلوے کے لیے بھی طے شدہ معاہدوں کی پیشرفت کا جائزہ لیا جائے گا۔ پہلے مرحلے میں سعودی عرب سے نجی شعبہ پاکستان میں تقریباً ایک ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کرے گا۔
نجی شعبہ پاکستان میں اپنے لوکل نمائندے تعینات کر کے سرمایہ کاری کا حجم بڑھائے گا۔ سعودی عرب کی جانب سے پاکستان میں زیادہ سرمایہ کاری نجی شعبہ کرے گا۔ سعودی عرب کا سرکاری وفد سعودی فنڈ فار ڈویلپمنٹ کے تحت منصوبوں پر بات چیت کرے گا۔
سرکاری ادارے اور نجی شعبہ دونوں کی پاکستان میں الگ الگ حکام سے ملاقاتیں شیڈول ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ حکومتی سطح پر سرمایہ کاری کے لیے ریگولیٹری منظوری دے دی گئی ہے جب کہ این او سی سے متعلقہ پیشرفت کا جائزہ بھی لیا جائے گا۔