کراچی میں ماڑی پور ٹرک اڈے کے قریب بس اُلٹنے سے 4 بچے اور 2 خواتین سمیت 7 افراد جاں بحق ہو گئے۔
ایدھی انفارمیشن کے مطابق ماڑی پور نیو اڈا گیٹ نمبر 6 ماما گودام کے قریب بس اُلٹنے سے کئی خواتین اور بچوں سمیت متعدد افراد زخمی بھی ہوئے ہیں۔
پولیس کے مطابق حادثہ تیز رفتاری کے باعث پیش آیا ہے۔
لاشوں اور زخمیوں کو ایدھی ایمبولینس کے ذریعے سول اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔
پولیس نے بتایا ہے کہ حادثے کا شکار ہونے والی بس میں سوار افراد پکنک منانے جا رہے تھے۔
ادھر گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے ماڑی پور بس حادثے پر اظہارِ افسوس کیا ہے۔
انہوں نے حادثے میں جاں بحق افراد کی مغفرت کے لیے دعا کی ہے اور حکام کو زخمیوں کے بہترین علاج معالجے کی ہدایت بھی کی ہے۔