لاہور :پنجاب میں مون سون بارشوں کا نواں سپیل کل (29 اگست) شروع ہونے جا رہا ہے، جو 2 ستمبر تک جاری رہنے کی توقع ہے۔ ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق صوبے کے مختلف اضلاع میں شدید طوفانی بارشوں کا امکان ہے۔
راولپنڈی، مری، گلیات، اٹک، چکوال، جہلم، گوجرانوالہ، لاہور، گجرات اور سیالکوٹ میں تیز بارشوں کی پیشگوئی کی گئی ہے، جبکہ ڈیرہ غازی خان، ملتان اور راجن پور بھی ممکنہ طور پر اس سپیل سے متاثر ہوں گے۔
ریلیف کمشنر پنجاب نبیل جاوید نے بتایا ہے کہ مون سون بارشوں کے باعث دریائے چناب، راوی اور ستلج میں انتہائی اونچے درجے کا سیلاب ہے، جس سے دریاؤں اور ندی نالوں کے اطراف شدید سیلابی صورتحال پیدا ہو سکتی ہے۔
وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر تمام ضلعی انتظامیہ کو الرٹ کر دیا گیا ہے۔ تمام ڈپٹی کمشنرز، کمشنرز اور دیگر متعلقہ افسران کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ فیلڈ میں موجود رہیں اور صورتحال کا بغور جائزہ لیں۔
محکمہ صحت، آبپاشی، تعمیر و مواصلات، لوکل گورنمنٹ اور لائیوسٹاک کو بھی الرٹ جاری کر دیا گیا ہے۔ نبیل جاوید نے عوام سے اپیل کی ہے کہ خراب موسم کے دوران احتیاطی تدابیر اختیار کریں، ندی نالوں کے قریب جانے اور سیرو تفریح سے اجتناب کریں۔
آندھی اور طوفان کی صورتحال میں محفوظ مقامات پر رہنے اور غیر ضروری سفر سے گریز کرنے کی بھی تاکید کی گئی ہے۔ایمرجنسی کی صورت میں عوام سے کہا گیا ہے کہ وہ فوری طور پر پی ڈی ایم اے کی ہیلپ لائن 1129 پر رابطہ کریں۔