لاہور:صوبائی دارالحکومت لاہور میں آشوب چشم کا مرض تیزی سے پھیلنے لگا ہے، ایک ہفتے کے دوران لاہور کے سرکاری ہسپتالوں میں آنے والے مریضوں کی تعداد میں 100 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق موسم برسات کے بعد جہاں ڈینگی کے مرض نے اپنے پر پھیلانا شروع کر رکھے ہیں تو وہیں آشوب چشم کا مرض بھی تیزی سے پھیلنا شروع ہو گیا ہے، آنکھوں کا سرخ ہوجانا اور اِن سے پانی بہنا مرض کی بڑی علامات ہیں۔
عمومی طور پر جب آنکھ کی باریک جھلی میں سوزش ہو جاتی ہے تو یہ آنکھ کے سفید حصے کو ڈھانپ لیتی ہے جس کے باعث جھلی کی سفید رنگت گلابی یا سرخ رنگ میں تبدیل ہو جاتی ہے، اسے آشوب چشم کی واضح علامت قرار دیا جاتا ہے۔
آشوب چشم وائرل ہو یا بیکٹیریل دونوں ہی صورتوں میں یہ وبائی ہونے کے باعث تیز رفتاری سے پھیلنے کی صلاحیت رکھتا ہے، تعلیمی اداروں میں بھی آشوب چشم کا تیز رفتار پھیلاؤ دیکھنے میں آرہا ہے۔
لاہور میں آشوب چشم کے تیز رفتار پھیلاؤ کا اندازہ اِس بات سے بھی لگایا جا سکتا ہے کہ گزشتہ ایک ہفتے کے دوران شہر کے سرکاری ہسپتالوں میں آشوب چشم کے مریضوں کی تعداد میں 100 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔