اسلام آباد: 190 ملین پاوٴنڈ کرپشن اور توشہ خانہ کیسز میں چیئرمین تحریک انصاف کی عدم پیروی پر درخواست ضمانت خارج کرنے کیخلاف دائر درخواستوں پر اعتراض عائد کر دیا گیا۔
رجسٹرار آفس نے دونوں درخواستوں کو اعتراض کیساتھ آج سماعت کیلئے مقرر کر دیا، اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس عامر فاروق اور جسٹس بابر ستار پر مشتمل ڈویژن بینچ سماعت کرے گا۔
درخواستوں میں موقف اپنایا گیا ہے کہ احتساب عدالت نے عدم پیروی پر ضمانت کی درخواستیں خارج کیں، دس اگست 2023 کا احتساب عدالت کا فیصلہ کالعدم قرار دیا جائے۔
درخواست میں استدعا کی گئی کہ درخواستوں پر فیصلہ آنے تک چیئرمین پی ٹی آئی کی عبوری ضمانت منظور کی جائے، درخواست میں چیئرمین نیب کو فریق بنایا گیا ہے۔
یاد رہے کہ توشہ خانہ کیس میں گرفتاری کے بعد احتساب عدالت نے چیئرمین پاکستان تحریک انصاف کی ضمانت کی درخواستیں عدم پیروی پر خارج کی تھیں۔