اسلام آباد:وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں تھانہ سیکریٹریٹ کی حدود کشمیر چوک کے قریب پولیس مقابلے میں 3 ملزمان ہلاک ہو گئے جبکہ ان کی ساتھی خاتون کو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا گیا۔
پولیس ذرائع کے مطابق 4 رکنی کار چوروں کا گروہ مری سے اسلام آباد میں داخل ہو رہا تھا، کار چوروں کے داخل ہونے کی اطلاع پر پولیس نے ناکہ بندی کر رکھی تھی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پولیس کو دیکھتے ہی ملزمان نے فائرنگ کر دی، پولیس کی جوابی فائرنگ سے 3 ملزمان موقع پر ہلاک ہو گئے۔
پولیس ذرائع نے بتایا کہ ملزمان کی ساتھی خاتون کو زخمی حالت میں اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔
ملزمان سے لاہور سے چوری شدہ گاڑی، اسلحہ اور متعدد نمبر پلیٹس برآمد ہوئی ہیں۔