پشاور: خیبرپخونخوا میں لوئر دیر کے علاقے اپر کوہستان میں ایکسیویٹر حادثے کا شکار ہو کر دریائے کندیاں میں جاگری جس کے نتیجے میں آپریٹر جاں بحق جبکہ ان کے ساتھ کام کرنے والے ایک شخص کی جان بچالی گئی۔
ریسکیو 1122 اپر کوہستان کے مطابق کندیاں میں ایکسیویٹر حادثے کا شکار ہو کر دریائے کندیاں میں جا گری اور آپریٹر ذیشان اور ان کے ساتھ کام کرنے والے شخص مقصود دریا میں ڈوب گئے۔
ریسکیو حکام نے بتایا کہ اپرکوہستان کی 1122 کی ٹیم نےبروقت کارروائی کی اور دریائے کندیاں سے ایکسیویٹر کے ساتھ کام کرنے والے مقصود کو زندہ سلامت ریسکیو کر لیا۔
انہوں نے کہا کہ آپریٹر ذیشان دریا میں پلرز کے ساتھ بری طرح پھنس گیا تھا اور دم توڑ گیا تھا، جن کی لاش نکال لی گئی ہے، دریائے کندیاں میں پانی کے تیز بہاؤ اور شدت کی وجہ سے آپریشن میں شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔