برلن: فٹبال کے دوسرے سب سے بڑے عالمی ایونٹ یورو کپ 2024 کے فائنل میں اسپین نے انگلینڈ کو شکست دے دی۔
یورو کپ کے 17 ویں ایڈیشن کا فائنل اتوار کو برلن کے اولمپک اسٹیڈیم میں کھیلا گیا جس میں تین مرتبہ کی چیمپئن ٹیم اسپین نے پہلی بار ٹرافی جیتنے کا خواب دیکھنے والی انگلینڈ کو ایک کے مقابلے میں 2 گول سے شکست دیکر چوتھی مرتبہ ٹائٹل اپنے نام کرلیا۔
اسپین کی طرف سے نکو ولیمز نے پہلا گول میچ کے 47 ویں منٹ میں کیا جس کے بعد کول پالمر نے 73 ویں منٹ میں انگلینڈ کی طرف سے پہلا گول کرکے اسپین کی سبقت کو ختم کردیا۔
میچ کے چھیاسی ویں منٹ میں اسپین کے مکیل اویارزابل نے دوسرا گول کرکے اپنی ٹیم کو ایک بار پھر برتری دلادی جو آخر تک برقرار رہی۔
خیال رہے کہ اس سے قبل اسپین 1964، 2008، 2012 میں یورو کپ کا ٹائٹل اپنے نام کرچکا ہے۔