اسلام آباد:اسلام آباد،راولپنڈی سمیت گردونواح اورمضافاتی علاقوں میں بارش سے موسم خوشگوار ہوگیا محکمہ موسمیات کاکہناہے کہ آج اسلام آباد ، خطہ پوٹھوہار، شمال مشرقی پنجاب اور بالائی خیبر پختونخوا میں، شمال مشرقی اورجنوبی بلوچستان اور بالائی،جنوب مشرقی سندھ میں بارش متوقع ہے جبکہ این ڈی ایم اے نے بھی متعلقہ محکمو ں کو الرٹ جار ی کر دیاہے۔
ملک کے بیشتر علاقوں میں 18اگست تک آندھی، طوفان اور بارشیں متوقع ہیں اس تناظر میں این ڈی ایم اے نے متعلقہ محکمو ں کو الرٹ جار ی کر دیا۔
این ڈی ایم اے کے مطابق آزاد کشمیر میں د ریائے نیلم اور جہلم کے ملحقہ علاقوں،بلوچستان میں بارکھان، بولان، ہرنائی، جعفرآباد، کوہلو، موسی خیل، نصیرآباد، شیرانی،سبی اور ڑوب جبکہ سندھ میں میر پور خاص ڈویژن، دادو، جیکب آباد، خیرپور، لاڑکانہ، مٹھی،مٹیاری، سانگھڑ اور سکھر کے علاقوں میں مزید بارشیں متوقع ہیں۔
این ڈی ایم اے کاکہناہے کہ بارش مختلف شہری علاقوں میں سیلابی صورتحال اورندی نالوں بلخصوص دریائے نیلم اور جہلم میں پانی کے بہاوٴ میں اضافے کا باعث بن سکتی ہے۔ پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ اور پہاڑی ندی نالوں ،/ہل ٹورنٹس میں سیلابی صورتحال پیدا ہو سکتی ہے۔
دوسری جانب محکمہ موسمیات کے مطابق آج سے 17 اگست کے دوران طوفانی بارشوں کے باعث مری، گلیات، مانسہرہ، کوہستان،چترال،گلگت بلتستان، دیر، سوات، شانگلہ، نوشہرہ، صوابی، اسلام آباد،راولپنڈی، شمال مشرقی پنجاب، قلات، خضدار، بارکھان ،لسبیلہ،سبی، کوہلو، ہرنائی، نصیر آباد، ژوب،بولان اور کشمیر کے مقامی ،بر ساتی ندی نالوں اور ڈیر غازی خان کے پہاڑی علاقوں میں طغیانی کا خدشہ ہے ۔
شدید بارشوں کے باعث اسلام آباد،راولپنڈی، گوجرانوالہ، لاہور، شیخو پورہ، قصور، سیالکوٹ، سرگودھا، فیصل آباد، نوشہرہ اور پشاور کے نشیبی علا قے زیر آب آنے کا اندیشہ ہے ۔شدید بارشوں کے باعث خیبرپختونخوا کے پہاڑی علاقوں ، مری، گلیات اورکشمیر میں لینڈ سلائیڈنگ کے باعث ٹریفک کی آمدورفت متاثر ہونے کا خطرہ ہے ۔
ادھر چوبیس گھنٹوں کے دوران زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت نوکنڈی 48، دالبندین 46 اور سبی میں 44 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔