اسلام آباد: محکمہ موسمیات نے26 ستمبر سے یکم اکتوبر تک بالائی اور وسطی علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیش گوئی کردی۔
محکمہ موسمیات نے نئی ایڈوائزری جاری کی ہے جس میں پیش گوئی کی گئی ہے کہ 26ستمبر سے گرم اور مرطوب ہواؤں کا سلسلہ خلیج بنگال سے پاکستان کے بالائی علاقوں میں داخل ہونے کا امکان ہے جس کے زیراثر 26 ستمبر سے یکم اکتوبر تک بالائی/وسطی علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق 26 ستمبر سے یکم اکتوبر کے دوران چترال ، دیر، سوات ، کوہستان ، بٹگرام ، مانسہرہ ، ایبٹ آباد ، پشاور، نوشہرہ، مردان سمیت مختلف علاقوں میں بارش کا امکان ہے۔
27 ستمبر تا یکم اکتوبر راولپنڈی ، مری ، گلیات، تلہ گنگ ، جہلم، منڈی بہا الدین، گجرانوالہ سمیت مختلف علاقوں میں بارشوں کا امکان ہے۔
پیش گوئی کے مطابق 26 ستمبر سے 28 ستمبر کے دوران صوبے کے بیشتر اضلاع میں موسم گرم اور خشک رہے گا۔
سندھ کے حوالے سے ایڈوائزری میں میرپور، تھرپارکر،عمر کوٹ اور گرد و نواح میں بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے جبکہ بلوچستان میں موسم گرم اور خشک رہنے کی پیش گوئی کی گئی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق بارشوں کے باعث بالائی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ اور ندی نالوں میں طغیانی کا امکان ہے۔