اسلام آباد:ڈی چوک پر پی ٹی آئی احتجاج کے دوران مظاہرین کے تشدد سے شہید ہونے والے پولیس اہلکار کی نمازِ جنازہ کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ کل ایک جتھا آیا تھا جس کا دعویٰ تھا کہ وہ پُرامن ہے۔
اُنہوں نے کہا کہ اگر ان کے بہت سے لوگ زخمی ہوئے ہیں تو وہ کون سے اسپتال میں ہیں، پی ٹی آئی کا ایجنڈا ملک دشمنی ہے جب چینی صدر پاکستان کے دورے پر آ رہے تھے تو پی ٹی آئی نے ان کا دورہ سبوتاژ کیا اور اب پی ٹی آئی شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہی اجلاس کو سبوتاژ کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔
گورنر خیبر پختون خوا نے کہا کہ علی امین گنڈاپور وکٹ کے دونوں اطراف کھیل رہے ہیں، کے پی میں صرف ایک ہی چیز ہو رہی ہے اور وہ کرپشن ہے۔
اُنہوں نے کہا کہ سب سے خوفناک بات یہ ہے کہ یہاں دہشت گردوں کو لایا جاتا ہے۔
فیصل کریم کنڈی نے یہ بھی بتایا کہ علی امین گنڈاپور کی روپوشی سے متعلق کے پی اسمبلی کا ہنگامی اجلاس بلایا گیا ہے۔