اسلام آباد: شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او )کے کامیاب انعقاد پر سینیٹ میں قرارداد منظور کر لی گئی، قرارداد شیری رحمان نے ایوان میں پیش کی۔
شیری رحمان کا قرارداد پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہنا تھا کہ ایس سی او ایک کامیاب کانفرنس تھی، پاکستان کی جیو اکنامک پروفائل بڑھنے میں اس کا اہم کردار ہو گا، ایس سی او کے کامیاب انعقاد پر قرارداد پیش کر رہی ہوں۔
سینیٹر شیری رحمان نے کہا کہ پی ٹی آئی نے اس پر دستخط نہیں کئے، ایس سی او خارجہ امور کے لئے اہم موڑ ہے، کانفرنس پاکستان کے لیے بڑا سنگ میل ہے، برسوں بعد سربراہی اجلاس ہوا ہے، سب ممالک اس بات پر اعتماد کر رہے کہ وہ پاکستان کو ایک مستحکم ملک سمجھتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان اس کانفرنس کے انعقاد سے عالمی تنہائی سے باہر آیا ہے، اب ساری عالمی توجہ ایشیا پر ہے، سارک کو انڈیا نے غیر فعال کر دیا، پاکستان اب کاروبار کےلئے کھل گیا ہے، ایس سی او کانفرنس سے ایک دروازہ کھلا مزید کھلیں گے۔
شیری رحمان نے کہا کہ ایس سی او ممالک میں کاروبار، تجارت کے لئے متعلقہ سفارتخانوں کو متحرک کریں، اب پاکستان کا مومنٹم کم نہیں ہونا چاہئے، ایس سی او معاہدوں پر عملدرآمد کے لئے 3 ماہ بعد رپورٹ پیش ہونی چاہئے۔