ممبئی:بالی ووڈ کی کامیاب فلم ’دنگل‘ کی اداکارہ فاطمہ ثنا شیخ نے مرگی کی خطرناک بیماری میں مبتلا رہنے کا انکشاف کر دیا۔
حال ہی میں بھارتی میڈیا سے گفتگو کے دوران اداکارہ فاطمہ ثنا شیخ نے انکشاف کیا کہ مجھے فلم دنگل کے دوران مرگی کی تشخیص ہوئی تھی جس کے بعد میں اتنی خوفزدہ ہوگئی کہ میں نے تقریبات میں جانا چھوڑ دیا۔
فاطمہ ثنا نے اپنے مرض کو قبول کرنے کے لیے کی گئی جدوجہد پر بات کرتے ہوئے کہا کہ میں اس مرض کو قبول کرنے کیلئے تیار نہیں تھی لہٰذا میں نے اس کیلئے علاج بھی نہیں کروایا، مجھے ڈر تھا کہ کہیں لوگوں کو اسکا پتہ نہ لگ جائے کیونکہ مرگی کے مریضوں کیلئے سوچا جاتا ہے کہ آپ یا تو منشیات لے رہے ہیں یا پھر توجہ حاصل کرنے کیلئے یہ سب کررہے ہیں۔
فاطمہ ثنا نے اپنی بیماری کے حوالے سے اعتراف کرتے ہوئے کہا کہ مجھے ہفتے میں ایک یا دو مرتبہ دورے پڑتے تھے جس کی وجہ سے میں تقریبات میں نہیں جاتی تھی، زیادہ روشنی مرگی کے مریضوں میں دورے پڑنے کا سبب بن سکتی ہے لیکن ایسا ہر بار ضروری نہیں مگر میں اتنی خوفزدہ تھی کہ میں نے تقریبات اور سکریننگ میں جانا چھوڑ دیا۔
اداکارہ نے مزید بتایا کہ میں نے اپنی بیماری کا ذکر پاپارازی سے کیا اور پھر انہوں نے میری تصاویر بغیر فلیش لینا شروع کیں تاہم اس سب کے باوجود میں اپنی روٹین بہت اچھے سے مینیج کرتی رہی ہوں۔