حیدرآباد/لاہور: پاکستان سمیت دنیا بھر میں کرسمس کے رنگ، گھروں کے باہر کرسمس ٹری کی رنگینیاں، چرچز کی بھی تزئین و آرائش کی گئی۔
دنیا بھر کی طرح پاکستان میں بھی مسیحی برادری آج کرسمس منا رہی ہے، کراچی کے سینٹ پیٹرک چرچ میں کرسمس کی دعائیہ تقریب کا اہتمام کیا گیا جس میں مسیحی برادری نے بڑی تعدادمیں شرکت کی۔
حیدرآباد میں رات گئے سینٹ فرانس چرچ میں کرسمس کے حوالے سے دعائیہ تقریب ہوئی اور مٹھائیاں تقسیم کی گئیں، تقریب میں مسیحی خواتین ، بچوں اور نوجوانوں نے شرکت کر کے ملک وقوم کی خوشحالی اور سلامتی کیلئے دعائیں مانگی۔
فیصل آباد میں مسیحی خواتین نے کرسمس کیلئے خریداری کیں جبکہ گوجرانوالا کے کرسمس بازار میں مسیحی برادری کیلئے 20 فیصد تک ڈسکاوٴنٹ تھا۔
ادھر کوئٹہ میں بیکریوں اور کیک شاپس میں کرسمس کے حوالے سے ڈیزائن کردہ کیکس کی دھوم ہے، لاہور میں بھی مسیحی برادری کرسمس منانے کیلئے پرجوش ہے، سرگودھا میں گرجا گھروں میں دعائیہ تقریبات منعقد کی جا رہی ہیں جبکہ سکھر کے گرجا گھروں میں کرسمس کی خوشی میں کیک کا ٹے گئے۔
کرسمس کے موقع پر ملک بھر کی طرح پشاور میں بھی چرچز اور گھروں کو خوبصورتی سے سجایا گیا ہے، مسیحی برادری نے گھروں کو کرسمس ٹریز سے مزین کرلیا۔
ادھر سانتا کلاز خوشیاں بکھیرنے کیلئے سفر پر نکل پڑے، ہسپتال میں بچوں کو تحائف دینے کے انوکھے انداز کے باعث ٹیکساس میں ڈرون سے بنے سانتا کلاز توجہ کا مرکز بن گئے، روم میں بازاروں اور شاہراہوں کو روشنیوں سے سجا دیا گیا۔
نیویارک، لندن، پیرس، ٹورنٹو اور میکسیکو سمیت دنیا کے کئی بڑے شہروں میں تقریبات ہوئیں، مسیحی برادری مذہبی تہوار کو بھرپور انداز سے منانے میں مصروف ہے۔
صدر مملکت آصف علی زرداری، وزیراعظم شہباز شریف اور مسلح افواج کی جانب سے مسیحی برادری کو کرسمس کی مبارکباد دی گئی۔
برطانوی ہائی کمشنر جین میریٹ نے منفرد انداز میں کرسمس کی مبارکباد دی۔