اسلام آباد: وزیراعظم محمد شہباز شریف نے اسلام آباد میں پاکستان کے پہلے جدید طرز کے ون ونڈو بزنس سہولت مرکز (بی ایف سی) کا باضابطہ افتتاح کر دیا۔ اس موقع پر ان کا کہنا تھا کہ سرمایہ کاروں کو سہولت فراہم کرنا معیشت کی ترقی کے لیے ناگزیر ہے۔ یہ مرکز سرمایہ کاری کے فروغ کی جانب ایک اہم قدم ہے۔
وزیراعظم نے بزنس سہولت مرکز کا تفصیلی دورہ کیا اور دستیاب سہولیات پر بریفنگ لی۔ ان کا کہنا تھا کہ مرکز میں بزنس سہولت مرکز میں کسٹمرسے بات چیت اور رہنمائی کا انداز قابل ستائش ہے جبکہ ایچ آر کا شعبہ انتہائی قابل اور فعال نظر آیا۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ نوجوان اس مرکز کو کامیاب بنانے میں بھرپور کردار ادا کریں گے۔
محمد شہباز شریف کا کہنا تھا کہ بزنس سہولت مرکز کو دنیا کے لیے رول ماڈل بنانا وقت کی ضرورت ہے۔ ہم اپنے کسٹمرز کو مطمئن کر کے ہی ترقی کی راہ پر گامزن ہو سکتے ہیں۔وزیراعظم نے کہا کہ اگرچہ بی ایف سی کے قیام میں تاخیر ہوئی، لیکن “دیر آید، درست آید” کے مصداق یہ قدم اب درست سمت میں ایک مضبوط آغاز ہے۔
انہوں نے سرمایہ کاری بورڈ کے وزیر اور ان کی ٹیم کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ یہ مرکز کاروباری برادری کے دیرینہ خواب کی تعبیر ہے۔وزیراعظم نے زور دیا کہ “بی ایف سی کو ایک ایسا متاثرکن مرکز بنایا جائے کہ لوگ خود بخود اس کی طرف آئیں۔ عالمی معیار کے مطابق سہولیات اور رہنمائی فراہم کی جائے تاکہ سرمایہ کار اعتماد سے یہاں رجوع کریں۔”
وزیراعظم نے اس مرکز کو پورے ملک میں وسعت دینے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ اسے ہر صوبے میں ایک رول ماڈل کی صورت میں قائم کیا جائے گا۔”ہم کاروباری مراکز کو مقبول، پرکشش اور سرمایہ کار دوست بنا سکتے ہیں۔ انشاءاللہ پورا پاکستان اس نصب العین کو اپنائے گا۔”