ا سلام آباد:یومِ دفاع پاکستان کے موقع پر 1965 کی جنگ میں دادِ شجاعت لینے والے غازیوں نے ایک بار پھر اپنی لازوال قربانیوں اور وطن سے وفاداری کے جذبات کا اظہار کیا۔
صوبیدار (ریٹائرڈ) میجر علی شان نے بتایا کہ جب بھارت نے اپنی فوجیں لاہور اور سیالکوٹ بارڈر پر تعینات کیں تو انہیں فوراً رائے ونڈ کی طرف واپس بلا لیا گیا۔ ان کا کہنا تھا کہ جیسے ہی دشمن کی نقل و حرکت کا علم ہوا، پوری فورس نے تیاری مکمل کر لی۔
نائب رسالدار (ریٹائرڈ) غیاث محمد نے یاد کرتے ہوئے بتایا کہ چھمب جوڑیاں کے مقام پر انہوں نے دشمن کا ڈٹ کر مقابلہ کیا اور کامیابی کے ساتھ پاکستان کا جھنڈا لہرایا۔ ان کے مطابق اُس وقت صرف فوج ہی نہیں، بلکہ ہر شہری، ہر بچہ دشمن کے خلاف جوش و خروش میں تھا۔
نائب صوبیدار (ریٹائرڈ) عبدالحفیظ نے جہلم کے مقام پر تعیناتی کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ جیسے ہی حکم ملا، وہ فوراً حفاظتی اقدامات کے لیے تیار ہو گئے۔ ان کے مطابق پوری قوم فوج کے شانہ بشانہ تھی اور یہی قومی جذبہ ہماری فتح کا سبب بنا۔
سپاہی (ریٹائرڈ) عبدالوحید نے بتایا کہ ہمارے جوانوں نے دشمن کے ٹینکوں کے آگے لیٹ کر انہیں روک دیا، اور پاک فوج نے دشمن کے تمام ٹینک تباہ کر کے بہادری کی ایک نئی تاریخ رقم کی۔
غازیانِ وطن نے پیغام دیا کہ آج بھی پوری قوم اپنی افواج کے ساتھ کھڑی ہے، اور دشمن کو کسی بھی جارحیت کا بھرپور جواب دینے کے لیے تیار ہے۔