ریاض:وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ حکومت پاکستان کی اقتصادی اصلاحات ، معاشی استحکام ، مالیاتی نظم و ضبط، سرمایہ کاری اور ڈیجیٹل تبدیلی پر خصوصی توجہ مرکوز ہے۔برآمدات کے فروغ، پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ، نوجوان افرادی قوت اور آئی ٹی کے شعبوں میں ترقی کے لئے اقدامات کر رہے ہیں۔
ریاض میں منعقدہ فیوچر انوسٹمنٹ انیشی ایٹو کے موقع پر ورلڈ اکنامک فورم کے صدر اور چیف ایگزیکٹو آفیسر بورگا برینڈے سے ملاقات کے دوران وزیراعظم محمد شہباز شریف نے پاکستان اور عالمی اقتصادی فورم کے مابین مضبوط روابط کو سراہا اور فورم کے عالمی سطح پر کاروباری اور جدت پسند نیٹ ورک کے ساتھ پاکستان کے تعلقات کو مزید گہرا کرنے میں دلچسپی کا اظہار کیا۔ دو ہزار چھبیس کے سالانہ اجلاس کی دعوت کے جواب میں وزیراعظم نے کہا کہ آئندہ برس ڈیووس میں پاکستان اپنی بھرپور نمائندگی کرے گا۔
وزیراعظم نے پاکستان کی زرعی معیشت کے لئے انتہائی ضروری غذائی تحفظ کے مضبوط نظام پر عالمی اقتصادی فورم کی شراکت کا خیرمقدم کیا اور خوشحالی کے راستے کے طور پر امن کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان جنوبی ایشیاء اور مشرق وسطی کے مابین روابط کے لئے اہم پل ہے۔
ورلڈ اکنامک فورم کے صدر نے عالمی اقتصادی فورم کے ساتھ پاکستان کے فعال کردار پر وزیراعظم کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ باہمی طور پر فائدہ مند شراکت داری کو فروغ دینے میں پاکستان کی جانب سے مسلسل حمایت کے لئے پرامید ہیں۔
یہ ملاقات عالمی اقتصادی فورم کی قیادت کی درخواست پر ہوئی تاکہ وزیراعظم کو آئندہ سال ڈیووس میں ہونے والے عالمی اقتصادی فورم کے سالانہ اجلاس کی باضابطہ دعوت دی جائے۔