اسلام آباد:گودی میڈیا جھوٹ، فریب اور پروپیگنڈا کے ہتھیار سے خطہ میں بدامنی پھیلانے میں مصروف ہے۔پاکستانی وزارتِ اطلاعات و نشریات نے بھارتی چینل ” انڈیا ٹوڈے ” کے گمراہ کن دعوؤں کا پردہ چاک کر دیا۔
انڈیا ٹوڈے نے جھوٹا دعویٰ کیا کہ افغان طالبان نے ایک پاکستانی داعش (ISIS) جنگجوکی ویڈیو جاری کی ہے۔ویڈیو میں جھوٹا اعتراف کیا گیا کہ دہشتگرد نے بلوچستان میں لشکرِ طیبہ سے منسلک کیمپوں میں تربیت حاصل کی ہے۔دہشتگرد نے داعش خراسان کیساتھ افغانستان میں کارروائیوں میں شمولیت کا اعتراف کیا۔
پاکستان کی وزارت اطلاعات ونشریات نے بھارتی میڈیا کے جھوٹ کو آشکارکردیا۔وزارت اطلاعات نے تصدیق کی ہے کہ کسی بھی سرکاری یا مصدقہ طالبان چینل نے ایسی کوئی ویڈیو جاری نہیں کی ۔اس من گھڑت خبر کو “انڈیا ٹوڈے “نے غیر مصدقہ “سورس” سے شائع کیااوردیگر بھارتی اداروں نے بغیر تصدیق کے پھیلایا۔
وزارت اطلاعات و نشریات کے مطابق پاکستان کی وزارتِ خارجہ اور افغان طالبان کےترجمان نے بھی کسی پاکستانی داعش جنگجو کی گرفتاری کی تصدیق نہیں کی۔پاکستان میں بد امنی اور دہشت گردی پھیلانے کیلئے بھارت دہشت گردوں کے بیانیہ کو فروغ دے رہا ہے۔ریاستی سرپرستی میں پاکستان مخالف گودی میڈیا جھوٹی خبروں اور پروپیگنڈا کو ہتھیار کے طور پر استعمال کر رہا ہے۔