اسلام آباد:وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہاہے کہ فورسز کے جوان ہر روز دہشت گردوں کو جہنم واصل کر رہے ہیں جس پر پوری قوم کو فخر ہے۔ سانحہ ترلائی کے بعد مختلف مکاتب فکر کے علما نے اتحاد کا مظاہرہ کرکے دشمن کی سازش کو ناکام بنا دیا۔
ترلائی اسلام آباد میں امام بارگاہ خدیجتہ الکبریٰ اور شہید عون عباس کے گھر آمد کے موقع پر وزیراعظم محمد شہباز شریف نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ شہداء کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔
وزیراعظم محمد شہباز شریف ترلائی اسلام آباد میں امام بارگاہ خدیجتہ الکبریٰ گئے۔ انہوں نے شہداء کے لواحقین اور متاثرین سے ملاقات کی اور ان سے یک جہتی اور ہمدردی کا اظہار کیا۔ وزیراعظم نے شہداء کو زبردست خراج عقیدت پیش کیا اور انکے درجات کی بلندی اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کیلئے دعا کی۔
لواحقین سے گفتگو کرتے ہوئے محمد شہباز شریف نے کہا کہ پوری قوم سانحہ ترلائی پر سوگوار ہے۔ مختلف مکاتب فکر کے علماء نے اس موقع پر اتحاد کا مظاہرہ کرتے ہوئے دشمن کی سازش کو ناکام بنا دیا ہے۔
وزیر اعظم نے کمال جرات کا مظاہرہ کرکے خودکش دہشت گرد کو بارگاہ میں داخل ہونے سے روکنے پر شہید عون عباس کی قربانی کو سراہا۔
اس موقع پر لواحقین نے وزیراعظم کو یقین دلایا کہ وہ وطن کے دفاع کیلئے اپنی فورسز کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔ وزیراعظم امام بارگاہ کے احاطے میں بھی گئے انہوں نے اس جگہ کا بھی معائنہ کیا جہاں پر شہید عون عباس نے دہشت گرد کو دبوچا جسکی وجہ سے دہشت گرد امام بارگاہ میں داخل ہونے میں ناکام رہا۔
وزیراعظم محمد شہباز شریف شہید عون عباس کے گھر بھی گئے اور لواحقین سے اظہار ہمدردی کرتے ہوئے کہا کہ شہید عون عباس کی بہادری پر پوری قوم کو فخر ہے۔ وزیر اعظم نے شہید کے والد کو ایک کروڑ روپے کا چیک دیتے ہوئے اعلان کیا کہ 14 اگست کو بے مثال قربانی پیش کرنے پر انہیں ایوارڈ سے نوازا جائیگا۔وزیراعظم نے شہید عون عباس کے درجات کی بلندی کیلئے فاتحہ خوانی بھی کی ۔