دبئی: متحدہ عرب امارات میں شدید گرمی میں کرکٹ کھیلنے والا ایک شوقیہ کرکٹر مندیپ سنگھ میچ کے بعد ہلاک ہو گیا۔
ملک میں دن بدن درجہ حرارت بڑھنے سے دن کے اوقات میں بیرونی سرگرمیاں نہ ہونے کے برابر ہیں، چند روز قبل گرمی کی شدت کے باعث حکام نے شدید گرمی کے اوقات میں مزدوروں کے کام کرنے پر پابندی عائد کی تھی۔
کرکٹر مندیپ سنگھ کے پوسٹ مارٹم کے لیے طبی ماہرین نے فرانزک کرنے کا فیصلہ کیا ہے، ان کی اچانک موت کے باعث متحدہ عرب امارات میں کرکٹ اور فٹ بال کھیلنے والے کھلاڑیوں میں تشویش کی لہر پیدا کردی ہے۔
جی فورس کرکٹ اکیڈمی کے کوچ گوپال جسپارا نے شہریوں کو دن میں شدید گرمی کے اوقات میں بیرونی کھیل کھیلنے سے منع کر دیا ہے، ان کا کہنا تھا کہ کھیلوں کی سرگرمیاں شام 6 بجے کے بعد شروع کی جائیں۔
برجیل رائل اسپتال، اشریج کے طبی ماہر ڈاکٹر احمد محمد عبدالرازق دیابس نے کھلاڑیوں کو خبردار کرتے ہوئے کہا کہ دن کے گرم ترین حصوں میں سخت سرگرمیوں سے گریز کریں، اور سخت سرگرمیوں میں مشغول ہونے سے پہلے اپنے جسم کو گرم موسم کے مطابق ہونے کی اجازت دیں۔