کراچی: جناح ٹرمینل پر قومی ائیرلائن کے اے ٹی آر ساختہ طیارے سے واٹر ٹینکر ٹکرا گیا، جس کے نتیجے میں جہاز کو جزوی نقصان پہنچ گیا۔
کراچی ائیرپورٹ پر پی آئی اے کے کراچی سے اسلام آباد کے لیے اضافی پرواز نمبر پی کے 8300 کے طیارے کو حادثہ پیش آیا، ایئرپورٹ میں طیارے اور پانی فراہمی پر مامور گاڑی میں تصادم ہوا۔
ذرائع کے مطابق روانگی سے قبل رن وے پر موجود اے ٹی آر طیارے کو پانی سپلائی کرنے پر مامور گاڑی طیارے کے نچلے حصے سے ٹکرائی اور رجسٹریشن نمبر اے پی بی ایچ ایچ کےحامل طیارے کو نقصان پہنچا۔
پرواز کے مسافر لاؤنج میں طیارے پر منتقلی کے منتظر ہونے کے باعث کوئی جانی نقصان نہیں ہوا تاہم علی الصباح 6 بجے روانہ ہونے والی پرواز حادثے کے باعث 4 گھنٹے بعد منسوخ کر دی گئی۔
حکام نے بتایا کہ پی آئی اے کے طیارے کو جانچ پڑتال اور مرمت کے لیے پی آئی اے ہینگر روانہ کردیا گیا اور پرواز کے مسافروں کو دیگر پروازوں میں ایڈجسٹ کیا جائے گا۔