استنبول : ترکیہ میں کار پر فائرنگ کے ایک واقعے میں ڈرائیونگ نشست پر موجود فلسطینی شخص جاں بحق اور ان کے ساتھ بیٹھا دوست اور پچھلی نشست پر بیٹھا محافظ زخمی ہوگیا۔
عرب میڈیا کے مطابق یہ واقعہ ترکیہ کے شہر استنبول میں پیش آیا۔ جس میں ملزم فائرنگ کے بعد سائلنسر لگی پستول پھینک کر فرار ہوگیا۔ زخمیوں میں سے ایک کی حالت تشویشناک ہے جو کہ مقتول کا گارڈ ہے۔
پولیس نے فائرنگ میں ایک فلسطینی تاجر کے جاں بحق اور دو دیگر کے زخمی ہونے کے بعد بڑے پیمانے پر تفتیش شروع کر دی تاہم کوئی گرفتاری عمل میں نہیں لائی گئی۔
استنبول پولیس کا کہنا ہے کہ حملہ آور نقاب پوش تھا اور حملہ آوروں کی تعداد ایک سے زیادہ بھی ہوسکتی ہے۔ سی سی ٹی وی فوٹیجز کی مدد سے ملزمان کی تلاش شروع کردی۔
پولیس نے آس پاس کے علاقوں میں الرٹ جاری کردیا۔ جائے وقوعہ کو سرچ آپریشن کے بعد کلیئر قرار دیدیا گیا۔