اسلام آباد: سرکاری حج اسکیم کے تحت حج درخواستوں کی وصولی کا سلسلہ تیسرے دن بھی جاری رہا، اور اب تک مجموعی طور پر 27 ہزار 700 درخواستیں موصول ہو چکی ہیں۔ وزارت مذہبی امور کے ترجمان کے مطابق حج درخواستیں ملک بھر کے 14 نامزد بینکوں کے ذریعے یا وزارت کے آن لائن پورٹل پر جمع کروائی جا سکتی ہیں۔
ترجمان کے مطابق وہ افراد جو پہلے سے رجسٹرڈ عازمین میں شامل ہیں، وہ 9 اگست تک اپنی درخواستیں جمع کر سکتے ہیں۔ جبکہ نئے اور غیر رجسٹرڈ عازمین کو 11 سے 16 اگست تک درخواستیں جمع کرانے کی اجازت ہوگی۔
وزارت مذہبی امور نے درخواست گزاروں کو ہدایت کی ہے کہ وہ مقررہ تاریخوں کے اندر اپنی درخواستیں جمع کروائیں تاکہ قرعہ اندازی اور دیگر حج انتظامات بروقت مکمل کیے جا سکیں۔