اسلام آباد:برطانوی وزیراعظم سر کیئر اسٹارمر کا پاکستان میں حالیہ مون سون و سیلابی صورتحال کے پیش نظر ہونے والے جانی و مالی نقصان پر وزیراعظم محمد شہباز شریف کے نام خط لکھا ہے ۔
پاکستانی ہم منصب کے نام خط میں برطانوی وزیراعظم سر کیئر اسٹارمر نے کہاہے کہ وزیراعظم پاکستان محمد شہباز شریف اور پاکستانی عوام سے جانی نقصان پر دلی تعزیت اوربرطانوی حکومت اور برطانوی عوام کی طرف سے پاکستان میں ہونے والے حالیہ مون سون کے پیش نظر افسوسناک صورتحال اور بڑے پیمانے پر تباہی پر گہرے دکھ کا اظہار کرتا ہوں۔
انہوں نے خط میں مزید کہا کہ میری دلی ہمدردیاں تمام متاثرین کے ساتھ ہیں۔ برطانیہ میں مقیم پاکستان سے تعلق رکھنے والے بہت سے خاندانوں کے لیے یہ صورتحال قابل تشویش ہے۔ تمام برطانوی عوام پاکستانی عوام کے ساتھ اس مشکل وقت میں اظہار یکجہتی کرتی ہے۔
برطانوی وزیراعظم نے کہا کہ اس صورتحال میں ایمرجنسی رسپانس اور رضاکار جو انتہائی نامساعد حالات میں لوگوں کی مدد کر رہے ہیں ان کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔یہ امر باعث اطمینان ہے کہ اس موقع پر برطانوی حکومت نے پاکستان کی مدد کی ہے اور آئندہ بھی بحالی اور تعمیر نو کے کاموں میں برطانوی حکومت پاکستان کی ہر ممکن مدد کرنے کے لیے تیار ہے۔