اسلام آباد: وفاقی وزیر داخلہ راناثناللہ نے کہا ہے کہ چیئرمین پی ٹی آئی ملک میں سرکشی و بغاوت کی تیاری کررہے تھے، وہ ٹائیگر فورس کے ذریعے ملک پر قبضہ کرکے اپنا گھٹیا ایجنڈا نافذ کرنے کی کوشش کررہے تھے۔انہوں نے تسلیم کرلیا کہ ان کے پاس اپنے قتل کی سازش کا کوئی ثبوت نہیں۔
راناثناللہ نے اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ چیئرمین پی ٹی آئی تھانہ رمنا اسلام آباد میں درج مقدمے میں شاملِ تفتیش ہوئے، انہوں نے فوج کے سینئر افسر، وزیراعظم اور مجھ پر قتل کا الزام لگایا۔
وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ جے آئی ٹی نے ویڈیو چیرمین پی ٹی آئی کو دکھائی، تو چیرمین پی ٹی آئی نے اعتراف کیاکہ میری ہی آواز ہے، دوران تفتیش انہوں نے خود کو جھوٹا ثابت کیا اور اعتراف کیاکہ تمام بیانات بےبنیاد ہیں۔
راناثناللہ نے کہا کہ چیرمین پی ٹی آئی سے الزام کے حوالے سے پوچھاتو کہتےہیں مجھے کسی نے بتایاتھا، ان سے پوچھا کہ کس نے بتایا تو چیرمین پی ٹی آئی نے کہاکہ کسی نے کہا تھا، لیکن مجھے یاد نہیں کس نے کہا تھا، چیئرمین پی ٹی آئی نے محض کسی کے کہنے پر اور سنی سنائی باتوں پر فوج پر اور اعلیٰ شخصیات پر قتل کا الزام لگادیا۔
راناثناللہ کا کہنا تھا کہ چیرمین پی ٹی آئی نے تفتیش کے دوران بتایاکہ میرےپاس کوئی ثبوت موجود نہیں، انہوں نے تسلیم کیاکہ الزامات لگانے اور جھوٹ بولنے میں مثالی ہیں، وہ بغیر ثبوت کے الزام تراشیاں کرنے کے ماہر ہیں۔
راناثناللہ نے کہا کہ چیرمین پی ٹی آئی نے نوجوان نسل کو فوج کے خلاف گمراہ کیا اور ان کے ذہنوں میں زہر ڈالا، وہ پہلے دن سے ہی فاشسٹ شخصیت کا مالک ہے اُس نے ٹائیگر فورس بنائی ہی نو مئی جیسے واقعات کے لئے تھی۔
انہو ں نے کہا کہ چیرمین پی ٹی آئی نے جب 2014 میں پارلیمنٹ کی توہین کی تو تب ہی ان کیخلاف کارروائی ہونی چاہیے تھی۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ آنے والے دنوں میں حیران کن اعداد و شمار سامنے آئیں گے، چیئرمین پی ٹی آئی ملک میں سرکشی و بغاوت کی تیاری کررہے تھے، وہ ٹائیگر فورس کے ذریعے ملک پر قبضہ کرکے اپنا گھٹیا ایجنڈا نافذ کرنے کی کوشش کررہے تھے۔
وزیر داخلہ نے کہا کہ عوام کی خوش قسمتی ہے کہ انہوں نے 9 مئی کو اپنا ایجنڈا بے نقاب کردیا، یہ غلیل فورس اور پٹرول بمس ، یہ ایک سال سے اس کی تیاری ہورہی تھی، انہوں نے 9 مئی کو ملک پر قبضہ کرنے کی کوشش کی۔
رانا ثناء اللہ نے بتایا کہ اس سلسلے میں تفصیلی ثبوت و شواہد موجود یہں، آڈیوز، ویڈیوز، اور لوگوں کے اقبالی بیانات شامل ہیں، جلد پیش رفت ہوگی اور یہ لوگ انصاف کے کٹہھرے میں لائے جائیں گے۔
وزیر داخلہ نے بتایا کہ پی ٹی آئی دنیا بھر میں فوج کیخلاف انسانی حقوق کی خلاف ورزی کا پراپیگینڈا کررہی ہے، ملک کیخلاف لاکھوں ہزاروں ڈالرز خرچ کیے جارہے ہیں، اس پراپیگینڈا میں اسرائیل اور دشمن ہمسایہ ملک کے شاخسانے بھی مل رہے ہیں جو انہیں کسی نہ کسی انداز میں سپورٹ کررہے ہیں۔