اسلام آباد:ڈی آئی جی محمد جواد طارق کی زیر صدارت عید سکیورٹی اور جرائم کے انسداد سے متعلق اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں ایس ایس پی انویسٹی گیشن محمد عثمان طارق بٹ، ایس ایس پی آپریشنز قاضی علی رضا، ایس ایس پی سکیورٹی، زونل ایس پیز اور ایس پی کیپیٹل پٹرول نے شرکت کی۔
اجلاس کے دوران چاند رات اور عیدالفطر کے موقع پر مارکیٹس، مساجد اور تفریحی مقامات کی سکیورٹی کو یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی۔ ڈی آئی جی نے تمام پٹرولنگ یونٹس کو فیلڈ میں متحرک رکھنے اور پٹرولنگ کو مؤثر بنانے پر زور دیا۔انہوں نے شہر کے داخلی و خارجی راستوں پر چیکنگ مزید سخت کرنے، ہوائی فائرنگ، ہلڑ بازی اور ون ویلنگ کے خلاف کریک ڈاؤن کرنے کے احکامات جاری کیے۔ تفریحی مقامات پر خصوصی پولیس دستوں، پیدل، سائیکل اور گھوڑ سوار گشت کی تعیناتی کی بھی ہدایت کی گئی۔
ڈی آئی جی نے عید اجتماعات کے دوران مساجد میں فول پروف سکیورٹی اور باڈی سرچنگ یقینی بنانے کی تاکید کی، جبکہ عید کی چھٹیوں میں گلی محلوں کی کمیٹیوں کے ساتھ میٹنگز اور شہریوں کو گھروں کی سکیورٹی سے متعلق آگاہی مہم چلانے کا بھی حکم دیا۔ انہوں نے رش والے مقامات پر ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کیلئے ٹریفک افسران کی تعیناتی اور سنگین جرائم میں ملوث اشتہاری و سابقہ ریکارڈ یافتہ ملزمان کی گرفتاری یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی۔
ڈی آئی جی اسلام آباد محمد جواد طارق نے کہا کہ شہریوں کی جان و مال کا تحفظ اسلام آباد پولیس کی اولین ترجیح ہے۔