لاہور: وزیر اعظم شہباز شریف نے مسلم لیگ (ن ) کے قائد نواز شریف کی وطن واپسی ممکن بنانے کے لیے قانونی ٹیم تشکیل دے دی۔
مسلم لیگ (ن ) کے ذرائع کے مطابق سابق وزیراعظم اور قائد ن لیگ کی وطن واپسی کی راہ میں حائل رکاوٹیں دور کرنے کے لیے وزیراعظم شبہاز شریف نے قانونی ٹیم تشکیل دے دی ہے۔
پارٹی ذرائع کے مطابق وزیر قانون سینیٹر اعظم نذیر تارڑ قانونی ٹیم کی سربراہی کریں گے، جبکہ معاون خصوصی عطاء اللہ، عرفان قادر اور قانونی مشیر کمیٹی میں شامل ہوں گے۔
دوسری جانب کمیٹی میں نواز شریف کے کیسز کی پیروی کرنے والے امجد پرویز اور دیگر وکلا کو بھی شامل کیا گیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ قانونی ٹیم نواز شریف کے عدالتوں میں جاری مقدمات کی تیز رفتار پیروی کو یقینی بنائے گی، اور قائد ن لیگ کی نااہلی اور مقدمات کے خاتمے کے لیے کام کو تیز کیا جائے گا۔
پارٹی ذرائع کے مطابق لیگل ٹیم نواز شریف کی واپسی میں حائل قانونی رکاوٹوں کے خاتمے کے لیے کردار ادا کرے گی۔