Home سیاست بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی پر توشہ خانہ کیس ٹو میں آج بھی فرد جرم عائد نہ ہو سکی

بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی پر توشہ خانہ کیس ٹو میں آج بھی فرد جرم عائد نہ ہو سکی

Share
Share

 

راولپنڈی:بانی تحریک انصاف عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی پر توشہ خانہ کیس ٹو میں آج بھی فرد جرم عائد نہ ہو سکی جبکہ عدالت نے بشریٰ بی بی کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست منظور کرتے ہوئے آئندہ سماعت پر حاضر ہونے کا نوٹس جاری کر دیا۔

 

سپیشل جج سینٹرل شاہ رخ ارجمند نے اڈیالہ جیل میں عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کیخلاف توشہ خانہ کیس ٹو کی سماعت کی، بانی پی ٹی آئی کو کمرہ عدالت میں پیش کیا گیا جبکہ ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست دائر کی گئی۔

 

ایف آئی اے پراسیکیوٹر عمیر مجید نے بشریٰ بی بی کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست کی مخالفت کرتے ہوئے موٴقف اپنایا کہ ضمانت ملنے کا مطلب یہ نہیں کہ ملزم ٹرائل کیلئے عدالت پیش نہ ہو، حاضری سے استثنیٰ کی درخواست پر بشریٰ بی بی کے دستخط بھی موجود نہیں، عدالت نے آج کی تاریخ فرد جرم عائد کرنے کے لیے مقرر کی تھی، توشہ خانہ کیس ٹو کا ٹرائل روزانہ کی بنیاد پر چلایا جائے۔

 

عدالت نے بشریٰ بی بی کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست منظور کرتے ہوئے آئندہ سماعت پر حاضر ہونے کا نوٹس جاری کر دیا۔

 

بانی پی ٹی آئی عمران خان نے توشہ خانہ کیس ٹو میں وکیل مقرر کرنے کے لیے عدالت سے وقت مانگ لیا، عمران خان کی جانب سے مشاورت کے لیے چار وکلاء کے نام بھی عدالت کو دیئے گئے جن میں بیرسٹر علی ظفر، بیرسٹر گوہر، سلمان اکرم راجہ اور بیرسٹر سلمان صفدر شامل ہیں، عدالت نے بانی پی ٹی آئی کو وکلاء سے مشاورت کے لیے 31 اکتوبر کا وقت دے دیا۔

 

عدالت نے جیل انتظامیہ کو وکلاء کی بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ جمعرات کو دن تین بجے ایک گھنٹے کی ملاقات کرائی جائے، وکلاء مقرر کرنے کے لیے یہ آخری موقع دیا جا رہا ہے، آئندہ سماعت پر اگر وکیل مقرر نہ کیے گئے تو عدالت سرکاری وکیل مقرر کر دے گی۔

 

بعدازاں عدالت نے سابق وزیراعظم عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کیخلاف توشہ خانہ کیس ٹو کی سماعت دو نومبر تک ملتوی کر دی۔

Share
Related Articles

کرم میں فوجی آپریشن کے لیے راہ ہموار کی جا رہی ہے، مولانا فضل الرحمان

مردان:جمعیت علمائے اسلام( ف)کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن نے کہا ہے کہ...

کیا آپ جانتے ہیں انسانی آنکھ کتنے میگا پکسلز کی ہوتی ہے؟

کیمرے آج کے دور میں ہماری روزمرہ کی زندگی کا ایک لازمی...

تحریک انصاف کا 190 ملین پاونڈز کیس کا فیصلہ اگلے 48گھنٹوں میں چیلنج کرنے کا فیصلہ

اسلام آباد:پاکستان تحریک انصاف نے 190 ملین پاونڈز کیس (القادر ٹرسٹ کیس)...

مریم نواز کا پنجاب میں سڑکوں کی تعمیر و مرمت مکمل کرنے کا حکم

لاہور:وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے مالی سال کے آخر تک صوبے...