اسلام آباد: وزیراعظم محمد شہباز شریف نے اسلام آباد میں سلنڈر حادثے کے نتیجے میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ وزیراعظم نے حادثے میں زخمی ہونے والے افراد کی جلد صحت یابی کے لیے دعا بھی کی ہے۔
وزیراعظم نے وزیرِ صحت، سیکریٹری صحت اور پمز انتظامیہ کو ہدایت کی کہ وہ الرٹ رہیں اور زخمیوں کو ہر ممکن طبی امداد فوری طور پر فراہم کی جائے۔ انہوں نے زخمیوں کو مکمل صحت یابی تک بہترین طبی سہولیات کی فراہمی یقینی بنانے کی بھی ہدایت کی۔
وزیراعظم محمد شہباز شریف نے سیکریٹری داخلہ کو واقعے کی مکمل اور شفاف تحقیقات کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ حادثے کی وجوہات کا تعین کیا جائے تاکہ مستقبل میں ایسے واقعات سے بچا جا سکے۔
وزیراعظم نے حادثے میں جاں بحق افراد کی مغفرت کے لیے دعا کی اور ان کے اہل خانہ سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا۔ انہوں نے اسلام آباد انتظامیہ کو ہدایت کی کہ شہریوں کو سلنڈرز کے استعمال میں حفاظتی تدابیر سے متعلق آگاہی فراہم کی جائے تاکہ انسانی جانوں کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔
وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے بھی حادثے میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر اظہار افسوس کرتے ہوئےزخمیوں کو علاج معالجے کی بہترین سہولتیں فراہم کرنے کی ہدایت کی ہے۔وزیر داخلہ نے افسوسناک واقعہ کی تحقیقات کا حکم دیا ہے۔
یاد رہے کہ اسلام آباد کے سیکٹرجی سیون ٹومیں شادی والے گھرمیں گیس سلنڈردھماکہ ہوا ہے،دھماکےمیں دلہا دلہن سمیت 6 افراد جاں بحق ہوگئے۔ حکام کے مطابق دھماکے کی وجہ سےمجموعی طور پر 4 گھر متاثر ہوئے۔