اسلام آباد: سروسز چیفس کی مدت ،سپریم کورٹ ججز کی تعداد 34کرنے کا گزٹ نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا۔قائم مقام صدر کی منظوری سے سینٹ سیکریٹریٹ نے گزٹ نوٹیفکیشن جاری کردیا ۔
سروسز چیفس کی مدت کادورانیہ تین سے بڑھا کر پانچ سال جبکہ سپریم کورٹ کے ججز کی تعداد 34اوراسلام آباد ہائی کورٹ کے ججز کی تعداد 12کرنے ، پریکٹس اینڈ پروسیجر سمیت چھ اہم بلز کا گزٹ نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا۔
آرمی ،ایئرفورس ،نیوی ایکٹ میں ترمیم،:ججز کی تعداد ترمیمی بل 2024ء کاگزٹ نوٹیفکیشن جاری کردیا،پریکٹس اینڈ پروسیجر ترمیمی بل 2024ء،اسلام آبادہائی کورٹ ایکٹ ترمیمی ایکٹ 2024ء کاگزٹ نوٹیفکیشن بھی جاری کردیاگیا۔پارلیمنٹ سے منظور تمام گزٹ نوٹیفکیشن سینٹ سیکریٹریٹ کی جانب سے جاری کئے گئے۔ قائم مقام صدر کے دستخط کے بعد تمام چھ بلز قانون بن گئے۔
خیال رہے کہ قومی اسمبلی نے آرمی ایکٹ اور ججز ایکٹ میں ترمیم کے بل منظور کئے تھے، آرمی، نیول اور ایئر فورس ایکٹ میں ترمیم کے مطابق سروسز چیفس کے عہدے کی مدت اب تین سے بڑھ کر پانچ سال کردی گئی۔
قومی اسمبلی نے سپریم کورٹ کے ججز کی تعداد 34 کرنے اور اسلام آباد ہائیکورٹ کے ججز کی تعداد 9 سے 12 کرنے کا بل کثرت رائے سے منظور کیا تھا، قومی اسمبلی کے بعد سینیٹ نے بھی یہ بلز منظور کرلیے تھے۔