کراچی:آئی جی سندھ رفعت مختار راجہ نے غیر قانونی تارکین وطن کے خلاف کارروائیاں تیزکرنے کے احکامات جاری کر دیئے۔
ترجمان سندھ پولیس کے مطابق آئی جی سندھ رفعت مختار راجہ کی زیر صدارت اجلاس ہوا، غیرقانونی تارکین وطن کی واپسی اور اینٹی سمگلنگ مہم پر بریفنگ دی گئی، عام انتخابات پر مشتمل ایجنڈے کو پوائنٹ ٹو پوائنٹ زیر بحث لایا گیا، بریفنگ میں مزید ہدایات اور فیصلے کئے گئے، زونل رینج ڈی آئی جیز نے بھی اقدامات اور آپریشن پر بریفنگ دی۔
آئی جی سندھ نے کہا کہ غیر قانونی مقیم تارکین وطن کے شناختی کارڈ، فیملی ٹری نادرا سے چیک کرائیں، ایشوز سامنے آنے پر باقاعدہ فہرست ارسال کی جائے، غیر قانونی تارکین وطن کے خلاف بنائی گئی ٹیمیں اپنے کام میں مزید تیزی لائیں، صوبے میں جاری اینٹی سمگلنگ مہم کو مزید تیز کریں۔
رفعت مختار راجہ نے کہا کہ سمگلنگ میں ملوث گروہوں، کارندوں اور سرپرستوں پر مضبوط ہاتھ ڈالیں، آئندہ ہونیوالے عام انتخابات کی مناسبت سے باقاعدہ فہرستیں تیار کی جائیں۔